ملک گیر کریک ڈاؤن اور ادارے سرکاری تحویل میں لینے سے خوف کی فضا پیدا کر دی گئی ،پابندیوں کے خلاف عدالتوں سے رجوع کریں گے : یحییٰ مجاہد

ملک گیر کریک ڈاؤن اور ادارے سرکاری تحویل میں لینے سے خوف کی فضا پیدا کر دی ...
 ملک گیر کریک ڈاؤن اور ادارے سرکاری تحویل میں لینے سے خوف کی فضا پیدا کر دی گئی ،پابندیوں کے خلاف عدالتوں سے رجوع کریں گے : یحییٰ مجاہد

  

لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن)کالعدم جماعۃالدعوہ پاکستان کے ترجمان یحییٰ مجاہد نے حکومت کی طرف سے ملک بھر میں کارکنان و ذمہ داران کی پکڑ دھکڑ، چھاپوں، تعلیمی اداروں و ڈسپنسریوں کو سیل کرنے اور ایمبولینسیں قبضہ میں لینے جیسے اقدامات پرشدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایک پرامن جماعت اور اس کے کارکنان کے ساتھ یہ رویہ سخت زیادتی ہے،پورے ملک میں زبردست کریک ڈاؤن،رفاہی ادارے سرکاری تحویل میں لینے اور گھروں و مساجدو مدارس پر چھاپوں کے ذریعہ خوف کی فضا پیدا کر دی گئی ہے۔

اپنے بیان میں انہوں نے کہاکہ حکومت نے ملک بھر میں جماعۃالدعوہ اور ایف آئی ایف کے دفاتر خالی کرواکے پولیس کا پہرہ بٹھا دیا ہے، مدارس سے طلباءکو زبردستی نکال دیا گیا ہے، ڈسپنسریوں کو سیل کیا جارہا ہے، ایمبولینسیں قبضہ میں لے لی گئی ہیں اور گرفتاریوں کیلئے گھروں پر چھاپوں کے دوران خواتین تک کو ہراساں کیا جارہا ہے، تعلیمی ادارے بند ہونے سے امتحانات کے ان دنوں میں طلباکا سال ضائع ہونے کا خطرہ ہے، قوم سوال کرتی ہے کہ مدارس سے طلباءکو بے دخل اوررفاہی ادارے سیل کر کے حکومت کیا پیغام دینا چاہتی ہے؟۔ یحییٰ مجاہد نے کہاکہ ساری دنیا جانتی ہے کہ جماعۃالدعوہ ایک محب وطن اور پرامن جماعت ہے جس کیخلاف عدالتوں میں آج تک کوئی الزام ثابت نہیں کیا جاسکا،ملک میں اتحادواتفاق کی فضا پیدا کرنے اور رفاہی و فلاحی سرگرمیاں انجام دینے والی اس جماعت کیخلاف یوں کریک ڈاؤن کرنا درست نہیں۔ انہوں نے کہاکہ جماعت کی اعلیٰ قیادت نے اس مشکل وقت میں کارکنان کو صبر واستقامت کا مظاہرہ کرنے کی ہدایت کی ہے،حکومت کو بھی چاہیے کہ وہ ملک میں افراتفری پھیلانے کی بجائے وطن عزیز پاکستان کے استحکام کیلئے اپنی ذمہ داری ادا کرے۔ ترجمان نے کہاکہ عدالتوں نے ہمیشہ جماعۃالدعوہ کے حق میں فیصلے دیے ہیں،اب بھی ہم ان شاءاللہ قانون سے اپنا حق لیں گے اور پابندیوں کیخلاف عدالتوں سے رجوع کریں گے۔

مزید :

علاقائی -پنجاب -لاہور -