مشیر اطلاعات اجمل وزیر سے پریس کلب صوابی کے وفد کی ملاقات
پشاور(سٹاف رپورٹر)خیبر پختونخوا کے مشیر اطلاعات و تعلقات عامہ اجمل خان وزیر نے اپنے آفس اور اطلاعات و تعلقات عامہ کی وزارت کا منصب سنبھالنے کے بعد تحصیل لاہور پریس کلب (صوابی) کے وفد سے ملاقات کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک میں امن و امان کے قیام کے لیے صحافیوں کی قربانیاں لازوال ہیں صحافیوں نے دہشت گردی جیسے مشکل حالات میں اپنی صحافتی ذمہ داریاں احسن طریقے سے انجام دی ہیں۔ تحصیل پریس کلبوں کو سالانہ گرانٹ کے اجراء کے لیے پالیسی بنا رہے ہیں ان خیالات کا اظہار انہوں نے تحصیل لاہور پریس کلب (صوابی) کے صدر فرمان اللہ نیازی کے قیادت میں ایک وفد سے ملاقات میں کیا۔ وفد میں تحصیل لاہور پریس کلب (صوابی) کے سرپرست اعلیٰ بابو سلطان بہادر، صدر فرمان اللہ نیازی، پریس سیکرٹری مقصود علی نیازی بھی شریک تھے۔وفد نے صوبائی وزیر کو پریس کلب اوردیگر درپیش مسائل سے آگاہ کیا اور اضلاع کے مسائل اور ترقیاتی منصوبوں پر تفصیلی گفتگو کی پریس کلب کے صدر فرمان اللہ نیازی نے مشیر اطلا عات اجمل خان وزیر کو اطلاعات کی وزرات کا منصب سنبھالنے پر مبادکباد پیش کی۔اس موقع پرمشیر اطلاعات اجمل خان وزیر نے کہا کہ صوبائی حکومت صحافیوں کی مشکلات سے اگاہ ہے صحافیوں نے مشکل حالات میں اپنی ذمہ داریاں بخوبی نبھائی ہیں اور قیام امن کے لیے قربانیاں بھی دی ہیں۔صحافیوں کے تمام مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ تحصیل پریس کلب کو سالانہ گرانٹ کی اجراء کے لیے پالیسی بنا رہے ہیں تاکہ پریس کلبوں کی تعمیر ومرمت کے لیے عملی اقدامات اٹھائے جاسکیں۔صوبائی مشیر اطلاعات اجمل خان وزیر نے تحصیل لاہور پریس کلب (صوابی) کے بروقت انتخابات کے انعقاد کو یقینی بنانے کے اقدام کو سراہا۔ اس پر مبارکباد پیش کی اور پریس کلب کو درپیش مسائل حل کرنے کی یقین دھانی کرائی۔تحصیل لاہور پریس کلب (صوابی) کے سرپرست اعلیٰ بابو سلطان بہادر نے صوبائی مشیر اطلاعات اجمل خان وزیر کو پریس کلب (صوابی) دورہ کرنے کی دعوت بھی دی۔