خواتین کی معیشت میں عملہ شرکت کے بغیر ترقی ممکن نہیں: بیگم گورنر پنجاب

خواتین کی معیشت میں عملہ شرکت کے بغیر ترقی ممکن نہیں: بیگم گورنر پنجاب

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور(پ ر)فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری(ایف پی سی سی آئی) نے خواتین کے عالمی دن کے حوالے سے ایف پی سی سی آئی ریجنل آفس لاہور میں ”معاشی ترقی میں خواتین کا کردار “کے عنوان سے خصوصی تقریب کا اہتمام کیا گیا۔تقریب میں پنجاب کی خاتون اول پروین سرور نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ اس موقع پرپروین سرور نے کہاکہ ملک کی آدھی آبادی خواتین پر مشتمل ہے،خواتین کی معیشت میں عملی شرکت کے بغیر ترقی کا مقصد حاصل نہیں ہو سکتا،خواتین کا کاروبار،تعلیم اور دیگر شعبوں میں کردار قابل ستائش ہے۔انہوں نے مزید کہاکہ کاروباری خواتین کو معاونت کرنا وقت کی ضرورت ہے۔ملک میں خواتین اور بچوں کی صحت،تعلیم اور صاف پانی کی سہولیات کافقدان ہے۔صحت،تعلیم اور صاف پانی کی سہولتیں مہیا کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے۔سرور فاؤنڈیشن خواتین کی بہتری کے لئے بہت سارے منصوبوں پر کام کر رہی ہے۔ہم سب کو مل کر مشکلات کا خاتمہ کرنا ہو گا۔اس موقع پر ایف پی سی سی آئی کے ریجنل چیئرمین و نائب صدر ڈاکٹر محمد ارشد اور نائب صدر روحی رضوان نے کہاکہ و قت کی اہم ضرورت ہے کہ خواتین کے لیے کاروبار کا سازگار ماحول پیدا کیا جائے تاکہ نہ صرف وہ ملکی معاشی ترقی میں کردار ادا کر سکیں بلکہ خود مختا ر بھی بن سکیں۔ایف پی سی سی آئی میں خواتین کو بھر پور نمائندگی دی گی ہے۔ فیڈریشن کی موجودہ لیڈر شپ خواتین کی راہنمائی کے لئے ہمیشہ کوشاں ہے۔خواتین ملکی ترقی میں اپنا کردار ادا کرنے کے لیے تیار ہیں مگر خواتین کو ایک منظم پلیٹ فارم اور راہنمائی کی ضرورت ہے۔ انہوں نے مزید کہاکہ پاکستان کی آبادی کا بڑا حصہ خواتین پر مشتمل ہے اور ملکی ترقی کیلئے ان کی تعلیم اور یکساں مواقع فراہم کرنے کی اشد ضرورت ہے۔پاکستان کی خواتین کسی طرح بھی صلاحیتوں میں دوسرے ممالک کی خواتین سے کم نہیں ہیں، پاکستان کی باصلاحیت خواتین پوری دنیا میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا رہی ہیں۔ آج پاکستانی خواتین زندگی کے ہرشعبے میں اپنی اعلی صلاحیتوں کے بل بوتے پر بہترین خدمات سر انجام دے رہی ہیں۔حکومت خواتین کو معاشرتی اور معاشی طور پر با اختیار بنانے کیلئے خصوصی اقدامات کرئے۔تقریب میں ایف پی سی سی آئی لاہور کے کوارڈنیٹر محمد علی میاں،کنیرڈ کالج کی پرنسپل رخسانہ ڈیوڈ،معروف گلوکارحمیرا ارشد،پروفیسر کنول امین،شگفتہ رحمن،ایم پی اے بشری بٹ،ایم پی اے سعدیہ سہیل،قیصرہ شیخ، ملتان اور کراچی کی خواتین سمیت دیگرنے بھی ”معاشی ترقی میں خواتین کا کردار “ کے حوالے سے اپنے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔

مزید :

کامرس -