ایڈیشنل اے جی شان گل کوایڈووکیٹ جنرل پنجاب کا اضافی چارج مل گیا
لاہور(نامہ نگارخصوصی)گورنر پنجاب نے ایڈووکیٹ جنرل سردار احمد جمال سکھیرا کا استعفیٰ منظور کرتے ہوئے ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل محمد شان گل کو ایڈووکیٹ جنرل پنجاب کا اضافی چارج د ے دیاہے،محمد شان گل مستقل ایڈووکیٹ جنرل کے تقررتک یہ ذمہ داریاں اداکریں گے، اس سلسلے میں صوبائی وزارت قانون کی طرف سے نوٹیفکیشنز جاری کردیئے گئے ہیں،نوٹیفکیشن کے مطابق سردار احمدجمال سکھیرا کا استعفیٰ 26فروری سے منظور کیا گیاہے،محمد شان گل نے اپنے عہدہ کا چارج سنبھال لیاہے،جس کے بعد انہوں نے صداقت علی کوسٹاف افسر اورعبدالزاق کو سیکرٹری ٹو ایڈووکیٹ جنرل کے عہدوں پربحال کرنے کے احکامات جاری کئے ہیں جبکہ پرائیویٹ سیکرٹری برکت علی کو پول میں ٹرانسفر کردیاہے۔ سابق ایڈووکیٹ جنرل نے سٹاف افسر صداقت علی کو اپنا سیکرٹری مقررکررکھا تھا جبکہ سیکرٹری ٹو ایڈووکیٹ جنرل عبدالزاق کی خدمات ایک ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل کے سپرد کررکھی تھیں۔