چین میں طلبہ کے والدین کو ہر 10روز بعد بریفنگ دینے کا فیصلہ
اسلام آباد(آئی این پی) حکومت نے چین میں پھنسے طلبہ کے والدین کو ہر 10دن بعد بریفنگ دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ کرونا وائرس کے باعث چین میں پھنسے پاکستانی طلبہ کی دیکھ بھال کے سلسلے میں معاون خصوصی زلفی بخاری نے طلبہ کے والدین سے ملاقات کی، مشیر صحت ڈاکٹر ظفر مرزا اور متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔طلبہ کے والدین کو طلبہ کی صحت و سلامتی کے حوالے سے اہم امور پر تفصیلی بریفنگ دی گئی، ملاقات میں طلبہ کو خوراک اور رقم سمیت فراہم کی جانے والی دیگر سہولیات کا جائزہ بھی لیا گیا۔زلفی بخاری نے کہا کہ ہم والدین کے جذبات اور احساسات کو اچھی طرح سمجھ سکتے ہیں، والدین کو یقین دلاتا ہوں کہ تمام طلبہ محفوظ ہاتھوں میں ہیں، پاکستانی سفارت خانے کا عملہ ان سے مسلسل رابطے میں ہے، یہ ضروری ہے کہ والدین کے ہر سوال کا جواب دے کر انہیں مطمئن کیا جائے۔ حکومت چین میں پھنسے پاکستانی طلبہ کی مشکلات حل کرنا چاہتی ہے، اب والدین سے ہر 10دن بعد جامع نشست کا اہتمام کیا جائے گا، انہیں بچوں کی صحت، خوراک، رقم اور دی جانے والی ہر سہولت سے با خبر رکھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ چین میں کرونا وائرس کی صورت حال پر تیزی سے قابو پایا جا رہا ہے، ووہان میں کیسز میں بتدریج کمی رپورٹ ہوئی ہے۔زلفی بخاری نے نجی ٹی وی چینل پر چلنے والی خبر کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہوں نے چین سے پاکستانی طلبہ کے انخلا کی بات نہیں کی۔
بریفنگ