رمضان میں بنیادی اشیاء کی با آسانی دستیابی کیلئے صوبے متعلقہ حکام سے رابطہ رکھیں: مشیر خزانہ
اسلام آباد (این این آئی)وزیراعظم کے مشیر خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ نے کہا ہے کہ رمضان المبارک میں بنیادی اشیاء کی مناسب داموں با آسانی دستیابی یقینی بنانے کیلئے متعلقہ حکام اور صوبائی حکومتیں مسلسل رابطے میں رہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اشیائے خوردونوش کی قیمتوں سے متعلق جائزے کی قومی کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ مشیر خزانہ نے تھوک سے پرچون کے درمیان موجود ناجائز منافع خوری اور ذخیرہ اندوزی پر قابو پانے کی ضرورت پر زور دیا۔اجلاس میں کھانے پینے کی بنیادی اشیاء کی قیمتوں اور رسد کا جائزہ لیا گیا۔کمیٹی نے کنزیومر پرائس انڈیکس کے رجحان پر بھی تبادلہ خیال کیا۔کمیٹی کو بتا یا گیا کہ مہنگائی کے ذمہ دار دالوں، سبزیوں اور گندم کی قیمتوں میں ماہانہ بنیادوں پر کمی آرہی ہے، فروری میں جنوری کے مقابلے میں سی پی آئی میں ایک فیصد کمی آئی ہے۔کمیٹی کو بتایا گیا کہ فروری میں مسلسل تیسرے ہفتے حساس قیمتوں کے اشاریے میں کمی آئی ہے،27 فروری کو ختم ہونیوالے ہفتے میں 51 اشیاء کی ہفتہ وار قیمتوں پر مبنی حساس قیمتوں کے اشاریے میں بھی ایک اعشاریہ ایک چھ فیصد کمی آئی ہے،51 میں سے 13 اشیاء کی قیمتوں میں کمی ہوئی جبکہ 25 مستحکم رہیں۔اجلاس میں بتایا گیا کہ صوبائی حکومتوں قیمتوں اور سپلائی کی مسلسل نگرانی کررہی ہیں، بین الاقوامی منڈی میں قیمتوں میں کمی کا رجحان ہے جس سے آنے والے دنوں میں مقامی قیمتوں میں بھی کمی آئے گی۔اجلاس میں نول کرونا وائرس کے کھانے پینے کی بنیادی اشیاء کی طلب و رسد پرممکنہ اثرات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔اجلاس میں چیئر مین مسابقتی کمیشن نے بتایا کہ ضلعی سطح پر قیمتوں کے تفرق کو ختم کرنے کیلئے تمام شراکت داروں کی مدد سے یکساں قیمتوں کا فارمولہ تشکیل دیا جارہا ہے۔علاوہ ازیں مشیر خزانہ سے اقوام متحدہ پاپولیشن فنڈ کی نمائندہ لینا موسیٰ نے ملاقات کی۔ ملاقات میں پاکستان کے ساتھ تذویراتی شراکت داری میں اضافے کے مواقع پر تبادلہ خیال کیا۔لینا موسیٰ نے یو این ایف پی اے کی جانب سے وفاقی اور صوبائی سطح پر آبادی، خاندانی منصوبہ بندی، پیداواری صحت اور نوجوانوں کے شعبوں میں کئے گئے اقدامات کے بارے میں بریفنگ دی۔مشیر خزانہ نے آبادی سے متعلق امور پر استعداد کار میں اضافے کے حوالے سے یو این ایف پی اے کی کوششوں کو سراہا اور مستقبل میں شراکت داری میں مضبوطی کی امید کا اظہار کیا۔
مشیر خزانہ