سٹاک مارکیٹ میں 475.71پوائنٹس کا اضافہ، سرمایہ کاری 83ارب بڑھ گئی، ڈالر مستحکم سونامہنگا

  سٹاک مارکیٹ میں 475.71پوائنٹس کا اضافہ، سرمایہ کاری 83ارب بڑھ گئی، ڈالر مستحکم ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


کراچی (اکنامک رپورٹر)پاکستان اسٹاک ایکس چینج میں دو روزہ مندی کے بعد جمعرات کو ریکوری آئی اور سرمایہ کاروں کی جانب سے سستے ہونے والے شیئرز کی خریداری کی گئی جس کے نتیجے میں کے ایس ای100انڈیکس 475.71پوائنٹس کے اضافے سے39ہزار کی نفسیاتی حد کو بحال کرتے ہوئے39382.11پوائنٹس کی سطح پرپہنچ گیا جبکہ 68.37فیصد کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ ریکارڈ کیا گیاجس کی وجہ سے مارکیٹ کی سرمایہ کاری مالیت میں 83ارب15کروڑ11لاکھ روپے بڑھ گئے اورکاروباری حجم بھی بدھ کی نسبت 82.21 فیصدکم رہا۔پاکستان اسٹاک ایکس چینج میں جمعرات کوٹریڈنگ کے آغاز سے ہی سرمایہ کاروں کی جانب سے شیئرز کی خریداری کا رجحان دیکھنے میں آیا جس کے نتیجے میں کے ایس ای100انڈیکس39ہزار کی نفسیاتی حد کو بحال کرنے میں کامیاب ہوگیا اور 39742 پوائنٹس کی بلند سطح پر پہنچ گیا۔اسی طرح کے ایس ای30انڈیکس225.85پوائنٹس کے اضافے سے18082.11پوائنٹس اور کے ایس ای آل شیئر انڈیکس 309پوائنٹس کے اضافے سے27228.79پوائنٹس پربندہوا۔ گزشتہ روزمجموعی طور پر370کمپنیوں کے حصص کا کاروبار ہوا جس میں سے253کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ102 میں کمی جبکہ15 میں استحکام رہا۔تیزی کے باعث مارکیٹ کی سرمایہ کاری مالیت83ارب15کروڑ11لاکھ روپے کے اضافے سے بڑھ کر73کھرب 42ارب62کروڑ31لاکھ روپے ہوگئی۔ادھرمقامی صرافہ مارکیٹوں میں فی تولہ سونے کی قیمت 100روپے کے اضافے سے94ہزار200روپے کی بلند سطح پر پہنچ گئی۔ جمعرات کوبین الاقوامی گولڈ مارکیٹ میں فی اونس سونے کی قیمت میں 6ڈالرکے اضافے سے 1644ڈالرہوگئی جس کے زیر اثر کراچی، حیدرآباد، سکھر، ملتان، فیصل آباد، لاہور، اسلام آباد، راولپنڈی، پشاور اور کوئٹہ کی صرافہ مارکیٹوں میں بھی سونے کی قیمت بڑھ گئی۔دس گرام سونے کی قیمت 86روپے کے اضافے سے80761روپے ہوگئی۔چاندی کی فی تولہ قیمت۔ایک ہزار روپے اور 10گرام چاندی کی قیمت 857روپے مستحکم رہی۔دوسری جانب مقامی کرنسی مارکیٹوں میں جمعرات کو پاکستانی روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر مستحکم رہا جبکہ یورو اور برطانوی پاونڈ کی قدر میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔گزشتہ روزانٹربینک مارکیٹ میں روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالرکی قیمت خرید 154.23روپے سے بڑھ کر154.24روپے اورقیمت فروخت154.33روپے سے بڑھ کر154.34روپے ہوگئی جبکہ اوپن مارکیٹ میں امریکی ڈالر کی قیمت خرید154روپے اورقیمت فروخت154.30روپے مستحکم رہی۔دیگر کرنسیوں میں یوروکی قیمت خرید 170.30 سے بڑھ کر170.50 اورقیمت فروخت172 سے بڑھ کر172.20روپے ہوگئی جبکہ برطانوی پاؤنڈکی قیمت خرید 195.50 سے بڑھ کر197 اورقیمت فروخت 197.50 سے بڑھ کر198.90روپے ہوگئی۔فاریکس رپورٹ کے مطابق سعودی ریال کی قیمت خرید40.65روپے برقرار رہی اورقیمت فروخت40.90روپے سے بڑھ کر40.95روپے ہوگئی جبکہ یواے ای درہم کی قیمت خرید41.70روپے سے گھٹ کر41.65روپے ہوگئی اورقیمت فروخت41.95روپے برقرار رہی۔ چینی یوآن کی قیمت خرید20روپے سے گھٹ کر19.50روپے اور قیمت فروخت22.50روپے سے گھٹ کر22روپے ہوگئی۔
سٹاک مارکیٹ

مزید :

صفحہ آخر -