جسم کی نمائش توہین، خاتون کا وقار حیا میں پوشیدہ: فردوس عاشق

    جسم کی نمائش توہین، خاتون کا وقار حیا میں پوشیدہ: فردوس عاشق

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


اسلام آباد/فیصل آباد(آئی این پی)وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ جسم کی نمائش خود عورت کی توہین ہے،خاتون کی عزت و وقار اس کی حیاء ہے،میڈیا یا کسی بھی فورم پہ عورت کی تضحیک و تذلیل ناقابل قبول رویہ ہے،ٹی وی چینل پر پیش آنے والا واقعہ قابل افسوس ہے، میڈیا کو ایسے حساس معاملات پر زیادہ ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا چاہیے، عورتوں کے حق وراثت سے لے کر زینب الرٹ بل کی منظوری تک کے اقدامات عورتوں کے حقوق کیلئے حکومت کے پختہ عزم اور سوچ کا واضح اظہار ہے۔ اپنے ٹوئٹر پیغام میں وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ ہر مسلمان عورت کا رول ماڈل حضرت فاطمتہ الزہراؓکی سیرت طیبہ اور امہات المومنین جیسی جلیل القدر ہستیاں ہیں۔ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں موجودہ حکومت خواتین کے ہر قسم کے استحصال کے خلاف ہے اور ان کے آئینی، قانونی، سیاسی، سماجی اور معاشی حقوق کے تحفظ کیلئے پرعزم ہے۔علاوہ ازیں گورنمنٹ کالج وویمن یونیورسٹی فیصل آباد میں پیغام پاکستان سنٹر، دختران پاکستان پروگرام اور حکومت پنجاب کے اشتراک سے منعقد ہونیوالے جاب فیسٹیول اور انڈسٹریل ایکسپو میں خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کی حکومت خواتین کے حقوق کے تحفظ کیساتھ ساتھ خواتین کو سیاسی و معاشی ترقی کے بہتر مواقع فراہم کرنے کیلئے بھرپور عملی اقدامات کررہی ہے تاکہ خواتین کو ملک کی ترقی میں اپنا سرگرم کردار ادا کرنے کے مواقع میسر ہوسکیں۔انہوں نے کہا کہ صنفی تعصبات کا خاتمہ کرکے عورتوں کو تمام شعبہ ہائے زندگی میں مساوی مواقع فراہم کیے جائینگے۔معاون خصوصی نے دختران پاکستان تحریک اور پنجاب حکومت کے وژن کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس نوعیت کے پروگراموں سے خواتین کو بہتر ملازمتوں کے حصول اور مستقبل سنوارنے کیلئے آگاہی اور رہنمائی حاصل ہوگی۔ تقریب سے پنجاب کی صوبائی وزیر وومن ڈویلپمنٹ عاشفہ ریاض فتیانہ، وائس چانسلرگورنمنٹ کالج ویمن یونیورسٹی فیصل آباد ڈاکٹر روبینہ فاروق سمیت کئی دوسرے دانشوروں نے خطاب کرتے ہوئے خواتین کو بااختیار بناکر انہیں عملی زندگی میں ترقی کے بہتر مواقع فراہم کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ بعدازاں ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے یونیورسٹی کے سپورٹس گرانڈ میں انڈسٹریل ایکسپو کا باقاعدہ افتتاح کرتے ہوئے مختلف سٹالز کا بھی معائنہ کیا۔
فردوس عاشق اعوان

مزید :

صفحہ اول -