پنجاب نے کرونا وائرس سے نمٹنے کیلئے پیشگی اقدامات کئے: عثمان بزدار
لاہور(جنرل رپورٹر)وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت نے کرونا وائرس سے نمٹنے کیلئے پیشگی احتیاطی اقدامات کئے،پاکستان میں کرونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 5 ہے اور اللہ تعالیٰ کا شکر ہے کہ پنجاب میں کوئی کیس رپورٹ نہیں ہوا جبکہ کرونا وائرس کے حوالے سے احتیاطی تدابیر کیلئے جامع ایس او پیز پر عملدرآمد کیا جا رہا ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اینکرپرسنز، کالم نگاروں اور سینئر صحافیوں سے ملاقات کے دوران کیا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے بتایا کہ کرونا وائرس سے بچاؤکیلئے آگاہی دینے میں میڈیا کا کردار بہت اہمیت کا حامل ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں کیس رپورٹ ہونے سے کئی روز قبل پنجاب حکومت نے اس حوالے سے احتیاطی اقدامات کا آغاز کیا اور کرونا وائرس کی صورتحال کا جائزہ لینے کیلئے کابینہ کمیٹی تشکیل دی گئی جبکہ ضروری ساز و سامان کی خریداری کیلئے 236 ملین روپے کے فنڈز جاری کئے گئے۔ انہوں نے کہا کہ سینٹرل، نارتھ اور ساؤتھ پنجاب میں ہسپتالوں کو مخصوص کیا گیا ہے۔ہسپتالوں میں ہائی ڈیپنڈنسی یونٹس قائم کر دیئے گئے ہیں جبکہ ائیرپورٹس اور داخلی راستوں پر غیر ملکیوں کی سکریننگ کی جا رہی ہے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ پنجاب حکومت کسی بھی صورتحال سے نمٹنے کیلئے تیار ہے اور اس کے علاوہ ورکنگ گروپ بھی تشکیل دیا گیا ہے جو صورتحال کا جائزہ لے کر اقدامات کرے گا۔ جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کے قیام کے حوالے سے پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے بتایاکہ جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کے قیام کیلئے وزیراعلیٰ آفس میں اجلاس طلب کر لیا،وزیراعظم عمران خان کو اگلے ہفتے بریفنگ دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں اتحادی جماعت مسلم لیگ (ق) کے ساتھ اچھے تعلقات ہیں۔اس موقع پر صوبائی وزیرصحت ڈاکٹر یاسمین راشد نے بتایا کہ 3 ہزار سے زائد چینی باشندوں کی سکریننگ مکمل ہو چکی ہے اور اللہ تعالیٰ کا شکر ہے پنجاب میں صورتحال نارمل ہے۔صوبائی وزیر صنعت میاں اسلم اقبال نے کہا کہ صحت مند شخص کیلئے ماسک ضروری نہیں، ماسک ہسپتالوں میں ڈاکٹرز اور دیگر عملے کیلئے ضروری ہے۔ صوبائی وزیر اطلاعات فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ میڈیا نے ہمیشہ عوام میں شعور کی بیداری کیلئے تعمیری کردار ادا کیا ہے۔ صوبائی وزیر خزانہ ہاشم جواں بخت نے کہا کہ اشیائے ضروریہ کی دستیابی یقینی بنانے کیلئے ضروری اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ صوبائی وزیر توانائی محمد اختر ملک نے کہا کہ کرونا وائرس کے مریض کی صحت یابی کے امکانات زیادہ ہوتے ہیں لہٰذاعوام کو گھبرانے کی ضرورت نہیں صرف احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔سیکرٹری پرائمری و سیکنڈری ہیلتھ کیئر نے کرونا وائرس سے نمٹنے اور احتیاطی تدابیر کے حوالے سے بریفنگ دی۔ بعدازاں وزیراعلیٰ پنجاب نے اوپن ڈیفیکشن فری پنجاب منصوبے کا افتتاح کرتے ہوئے منعقدہ تقریب میں کہا کہ اوپن ڈیفیکشن فری پنجاب پراجیکٹ کا تعلق عوام کی صحت سے ہے۔ صوبہ میں 13 فیصد سے زائد افراد ٹائلٹ کی سہولت سے محروم ہیں جبکہ 74 فیصد غریب خاندان ٹائلٹ کی عدم موجودگی کی وجہ سے مسائل کا شکار ہو رہے ہیں۔حکومت پنجاب نے یونیسف کے تعاون سے جھنگ، چنیوٹ، رحیم یار خان، بہاولپور، بہاولنگر، لودھراں، بھکر، خوشاب، ڈیرہ غازی خان اور راجن پور کے 1775 دیہات میں اوپن ڈیفیکشن فری پراجیکٹ کا آغاز کیاگیاہے،پراجیکٹ کے تحت 3 سال میں 2 لاکھ ٹائلٹ بنائے جائیں گے اور 75 ہزار سے زائد خاندان مستفید ہوں گے۔صوبائی وزیر ہاؤسنگ میاں محمود الرشید اورپنجاب میں یونیسف کے سربراہ نے بھی تقریب سے خطاب کیا۔
سردارعثمان بزدار