عور ت مارچ کے حامی ہیں، مرکز سمیت صوبائی حکوتیں تحفظ دیں: بلاول بھٹو
لاہور(جنرل رپورٹر،نمائندہ خصوصی)پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ ہماری جماعت عورت مارچ کے ساتھ ہے،مرکز سمیت صوبائی حکومتیں تحفظ دے، ہم مطالبہ کرتے ہیں جو عورتوں کو دھمکیاں دے رہے ہیں انہیں پکڑیں اور مقدمات درج کریں، جو خواتین کے حقوق کی مخالفت کرتے ہیں ان سے کہتے ہیں بہت ہو گیا بس کرو آپ چھوڑ دیں آپ کا زمانہ ختم ہو گیا اب نیا زمانہ آگیا ہے اگر سیاست کرتے ہیں تو سیاست چھوڑ دیں اگر آپ میڈیا میں ہو تو میڈیا چھوڑ دو، اب نئی نسل کا دور ہے، ہم نے مل کر ان کٹھ پتلیوں کو بھگانا ہے جیسے ایوب خان، ضیا الحق اور مشرف کو بھگایا تھا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیپلز پارٹی شعبہ خواتین کے زیر اہتمام خواتین کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔بلاول بھٹو نے کہا کہ لوگوں کو یاد ہوگا جب محترمہ بینظیر الیکشن مہم چلاتی تھیں تو بعض ملاں کہتے تھے کہ ایک عورت وزیراعظم نہیں بن سکتی لیکن پاکستان کے عوام نے جواب دیا کہ ہماری وزیراعظم محترمہ بینظیر ہوں گی، جمعہ کے خطبہ میں جو قوتیں فتویٰ دیتی تھی کہ محترمہ کو ووٹ دینے سے نکاح ٹوٹ جائے گا اب وہی جماعت کہتی ہے کہ ہماری لیڈر عورت ہو گی۔ جو کہتے ہیں کہ عورت مارچ نہیں ہوگا وہ سن لیں عورت مارچ ہوگا،آج کی عورت مارچ بھی کرے گی، ڈاکٹر بھی بنے گی فوج میں بھی جائے گی،وزیراعظم بھی بنے گی لہٰذا کوئی سیاستدان کوئی مُلا،ٹی وی پر بیٹھا اینکر بھی عورت کا راستہ نہیں روک سکتا کیونکہ یہ راستہ محترمہ شہید نے جان دے کر دکھایا۔بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ دین اسلام سب سے زیادہ عورتوں کو حق دیتا ہے بھٹو شہید نے آئین بنا کر عورتوں کو حق دیا ہم کسی سے بھیک نہیں مانگ رہے ہم تو آئین میں دئیے گئے حقوق مانگتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام سے خواتین کو پاؤں پر کھڑا کیا گیا۔کنونشن سے قمر زمان کائرہ‘ ثمینہ خالد گھرکی‘ نرگس فیض ملک‘ نرگس خان‘ سونیا خان‘ وزیر النساء‘ نورالنساء‘ صغیرہ اسلام‘ تسنیم چودھری‘ شاہدہ جبین اور عقیلہ یوسف سمیت دیگر نے بھی خطاب کیا۔بعدازاں بلاول بھٹو زرداری سروسز ہسپتال گئے،جہاں سینئر صحافی اور کالم نگار محمد سعید اظہر کی عیادت کی۔ بلاول بھٹو زرداری نے محمد سعید اظہر کے قلم کی جمہوریت کیلئے کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ محمد سعید اظہر جیسے قلم کار کسی بھی قوم کا سرمایہ ہوتے ہیں۔علاوہ ازیں بلاول بھٹو زرداری آج ڈی ایچ اے میں واقع لمز یونیورسٹی کا دورہ کریں گے وہ آج لمز میں اٹھارویں ترمیم اورفیڈرل ازم کے موضوع پر ہونے والی خصوصی نشست میں حصہ لیں گے اور سٹوڈنٹس کے سوالوں کے جوابات دیں گے۔
بلاول بھٹو