پی ایس ایل فائیو، پشاور زلمی کی کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 30رنز سے شکست
راولپنڈی (آئی این پی)پاکستان سپر لیگ(پی ایس ایل)فائیو کے 18 ویں میچ میں پشاور زلمی کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 30رنز سے شکست دیکر پوائنٹس ٹیبل پر تیسرے نمبر پر آگئی،بارش سے متاثرہ میچ میں پشاور زلمی نے شعیب ملک اور حیدر کی جارحانہ بیٹنگ کی بدولت 15 اوورز میں 170 رنز بنائے اور کوئٹہ کو جیت کیلئے 171 رنز کا ہدف دیا مگر پشاور زلمی کے بالرز کی عمدہ بالنگ کے باعث کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم مقررہ 15 اوورز میں 7وکٹوں کے نقصان پر 140رنز ہی بنا سکی،کوئٹہ کی جانب سے جیسن روئے 45 رنز بنا کر نمایاں رہے۔پشاور زلمی کی جانب سے کپتان وہاب ریاض نے 3،راحت علی نے 2،یاسر شاہ اور حسن علی نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔پشاور زلمی کے شعیب ملک کو میچ میں جارحانہ 54رنز کی اننگز کھیلنے پر مین آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا،پی ایس ایل فائیو میں (آج)جمعہ کو ایک میچ کھیلا جائے گا،جس میں کراچی کنگز اور ملتان سلطان کی ٹیمیں قذافی سٹیڈیم لاہور میں آمنے سامنے ہوں گی۔جمعرات کو پاکستان سپر لیگ فائیو کا 18 واں میچ پنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں پشاور زلمی اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے مابین کھیلا گیا،بارش کی وجہ سے میچ اپنے مقرر وقت پر شروع نہ ہوسکا اور بارش سے متاثرہ میچ کو 15،15 اوورز تک محدود کر دیا گیا،کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان سرفراز احمد نے ٹاس جیت کر پہلے بالنگ کا فیصلہ کیا۔پشاور زلمی نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے شعیب ملک اور حیدر علی کی جارحانہ بیٹنگ کی بدولت 15 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 170 رنز بنائے،شعیب ملک 27 گیندوں پر ایک چھکے اور 8چوکوں کی مدد سے 54 جبکہ حیدر علی 24 گیندوں پر 2 چھکوں اور 4 چوکوں کی مدد سے 39 رنز بنا سکے جبکہ دیگر بلے بازوں میں کامران اکمل 23 رنز بنا کر نمایاں رہے،کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے محمد حسنین نے 4،سہیل خان اور بین کٹنگ نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔جواب میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے حیسن روئے اور شین واٹسن نے اننگز کا آغاز کیا۔شین واٹسن 45 رنز کے مجموعی سکور پر19 رنز بنا کر حسن علی کی گیند پر کیچ آٹ ہو گئے،کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی دوسری وکٹ 75 رنز پر گری جب حیسن روئے 45 رنز بنا کر یاسر شاہ کی گیند پر کلین بولڈ ہو گئے،حیسن روئے نے 26 گیندوں پر 2چھکوں اور 5 چوکوں کی مدد سے 45 رنز بنائے۔کوئٹہ گلیڈی ایٹرز تیسری وکٹ 99 رنز پر گری جب جب احمد شہزاد 10 رنز بنا کر وہاب ریاض کی گیند پر شعیب ملک کے ہاتھوں کیچ آٹ ہوئے،احمد شہزاد کے آؤٹ ہونے کے بعد بین کٹنگ بھی آؤٹ ہو گئے،بین کٹنگ 17 رنز بنا سکے، اعظم خان بھی پہلی ہی گیند پر اپنی وکٹ دے بیٹھے،انہیں راحت علی نے کیچ آؤٹ کیا۔کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی وقفے وقفے سے وکٹیں گرتی رہیں اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم 171 رنز ہدف کے تعاقب میں مقررہ 15 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 140 رنز ہی بنا سکی،محمد نواز 18،سرفراز احمد اور سہیل خان ایک ایک سکور بنا سکے۔پشاور زلمی کی جانب سے کپتان وہاب ریاض نے 3،راحت علی نے 2،یاسر شاہ اور حسن علی نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔پشاور زلمی کے شعیب ملک کو میچ میں جارحانہ 54رنز کی اننگز کھیلنے پر مین آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا،پی ایس ایل فائیو میں (آج) جمعہ کو ایک میچ کھیلا جائے گا،جس میں کراچی کنگز اور ملتان سلطان کی ٹیمیں قذافی سٹیڈیم لاہور میں آمنے سامنے ہوں گی۔
پشاور زلمی