پیپلزپارٹی نے شہری علاقوں کو بھی برباد کردیا ہے،سردار عبدالرحیم
کراچی(اسٹاف رپورٹر)پاکستان مسلم لیگ (فنکشنل) سندھ کے جنرل سیکرٹری سردار عبدالرحیم نے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی نے دیہی علاقوں کے ساتھ صوبے کے شہری علاقوں کو بھی برباد کردیا ہے۔ سندھ میں فی الفور بلدیاتی انتخابات کرائے جائیں۔کے فور منصوبے کو ختم کرنا کراچی کے عوام کے ساتھ زیادتی ہوگی۔شہید سورہیہ بادشاہ کو قومی ہیرو کے طور پر نصاب میں شامل کیا جائے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو کراچی پریس کلب میں پاکستان راجپوت یونائٹیڈ فورم کے کنوینر سعید احمد راجپوت اورنارتھ کراچی ٹریڈ ایسوسی ایشن کے نائب صدر رانا محمد یاسین اور دیگرکی مسلم لیگ (فنکشنل) میں شمولیت کے موقع پر پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔سردار عبدالرحیم نے کہا کہ پیر پگارا نے بھارت سے آنے والوں کو گلے لگایا اور انہیں بھائیوں کی طرح رکھا۔بھارت سے آئے ہوئے مہاجرین وہاں زیادہ آباد ہوئے جہاں حر جماعت اکثریت میں تھی۔انہوں نے کہا کہ فنکشنل لیگ ایسا پلیٹ فارم مہیا کرے گی جہاں سب کو آزادی ہو،بہت سی برادریاں فنکشنل لیگ میں شمولیت اختیار کرنا چاہتی ہیں۔جو سندھ سے محبت کرتا ہے وہ فنکشنل لیگ کا ساتھ دے۔اب نفرت کی سیاست کا خاتمہ کرکے محبت کی فضا قائم کی جائے،انہوں نے مطالبہ کیا کہ بلدیاتی انتخابات کا فی الفور اعلان کیا جائے،بلدیاتی اداروں کا وقت پورا ہو چکا ہے۔انہوں نے کہا کہ پورے کراچی میں ایک ہی دن انتخابات کرائیں جائیں،مئیر کو مکمل طور با اختیار کیا جائے، پاکستان کا مستقبل نوجوانوں سے وابستہ ہے،طلباء تنظیموں پر پابندی ایک کالا دور تھا اور ہمارا مطالبہ ہے کہ طلباء یونین سے پابندی ہٹاکر ان کو مکمل طور پر بحال کیا جائے،انہوں نے کہا کے کراچی کو پانی کی ضرورت ہے،کے فور منصوبے پر اب تک اربوں روپے خرچ ہوچکے ہیں اس منصوبے کو ختم کرنا کراچی کے عوام سے زیادتی ہوگی ہمارا مطالبہ ہے کہ کے فور کا منصوبا فوراً مکمل کیا جائے،انہوں نے کہا کہ سورہیہ بادشاہ وطن کے ہیرو ہیں ہمارا مطالبہ ہے کہ شہید سورہیہ بادشاہ کو قومی ہیرو قراردیا جائے