پاکستان گرلز گائید ایسوسی ایشن کے ہیڈکوارٹر میں خواتین کے عالمی دن کی تقریب
لاہور(لیڈی رپورٹر)خواتین کے عالمی دن کی مناسبت سے پاکستان گرلز گائید ایسوسی ایشن کے ہیڈکوارٹر میں سرچ فار جسٹس کیجانب سے ایک شاندار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔تقریب میں صوبائی وزیر انسانی حقو ق اعجاز عالم آگسٹین نے بطور مہمان خصوصی جبکہ متعدد پارلیمنٹیرینز، پاکستان میں آسٹریلین ہائی کمیشن متین آمین، سیکریٹری آسٹریلین ہائی کمیشن محترمہ لورین وا، ڈی جی پنجاب وومن پروٹیکشن اتھارٹی اور چیئر پرسن کنیز فاطمہ کے ہمراہ دیگر اہم شخصیات نے شرکت کی۔ایگزیکٹو ڈائریکٹر سرچ فار جسٹس افتخار مبارک نے خطبہ استقبالیہ میں تمام معزز مہمانوں کو خوش آمدید کہتے ہوئے کہاکہ لڑکیوں کے خلاف تشدد وغیر ہ کی روک تھام کیلئے اور دیگر مسائل کو اجاگر کرنے کیلئے ایسی تقریبات کا ہونا ضروری ہے تاکہ تمام اسٹیک ہولڈرز ملکر ٹھوس حکمت عملی کے ذریعے لڑکیوں کو با اختیار بنا سکیں۔ صوبائی وزیر انسانی حقوق اعجاز عالم آگسٹین نے اپنے خطاب کے دوران کہا کہ خواتین کے عالمی دن کو منانے کا مقصد ہے کہ لڑکیوں کے حقوق کو فروغ اور درپیش چیلنجوں سے نمٹنے کے لئے اپنی ذمہ داریوں کو سمجھا جائے۔انہوں نے لڑکیوں کی تعلیم کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے وزیراعظم پاکستان اور وزیراعلیٰ پنجاب کے وڑن سے بھی شرکاء کو آگاہ کیا۔تحریک انصاف کی رہنماء عظمی ٰ کاردار نے کہاکہ خواتین کو معاشی طور پر بااختیار بنانے کے لئے حکومت نے وزیر اعظم یوتھ لون اسکیم میں ان کے لئے 50 فیصد حصہ مختص کیا ہے جو خواتین کو بااختیار بنانے اور صنفی مساوات کے لئے اس کے عزم اور لگن کی عکاسی کرتا ہے۔ ایم پی اے سعدیہ سہیل نے کہا کہ خواتین کے حقوق کے تحفظ کے حوالے سے پنجاب وومن ایمپاورمنٹ پیکیجز 2012، 2014 اور 2016 قانونی، انتظامی اور ادارہ جاتی شعبوں میں متعدد اصلاحات کی جا چکی ہیں۔ پنجاب وومن پروٹیکشن اتھارٹی کی چیئر پرسن کنیز فاطمہ نے کہا کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ بااختیار لڑکیاں بااختیار خواتین بنتی ہیں جو اپنی اور اپنے کنبے کی بہتر دیکھ بھال کرسکتی ہیں۔ پاکستان میں دوسری سیکرٹری آسٹریلین ہائی کمیشن لورین وا نے اپنے خطاب میں پنجاب حکومت کی جانب سے خواتین کو با اختیار بنانے کے حوالے سے کیئے جانیوالے اقدامات کو سراہا۔ تقریب میں کنیئرڈ کالج سے محترمہ عائشہ جواد،معروف کارکن حقوق نسواں حمیرا شیخ، قانونی ماہر شمیم ملک،نمائندگان سول سوسائٹی اور 200 کے لگ بھگ مختلف تعلیمی اداروں کی طالبات نے بھی شرکت کی۔
اعجاز عالم آگسٹن