شکست کی ذمہ داری کوچز سمیت تمام کھلاڑیوں پر ہے، اقبال امام
لاہور(سپورٹس رپورٹر) پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم کے ہیڈکوچ اقبال امام نے کہا ہے کہ شکست کی ذمہ داری کوچز سمیت تمام کھلاڑیوں پر ہوتی ہے، اچھے کمبینیشن کی وجہ سے دیگر کھلاڑیوں کو نہیں آزمایا گیا، فیلڈنگ کا معیار مناسب تھا، کم مارجن شکست کی وجہ سے کارکردگی کو بہتر کہہ رہا ہوں۔ آسٹریلیا میں کھیلے گئے آئی سی سی ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں شرکت کے بعد وطن واپس پہنچنے پر نیشنل اسٹیڈیم میں خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آسٹریلیا میں ٹی 20 ورلڈ کپ میں کھیلنے کے لئے ہماری ویمنز کرکٹ ٹیم ورلڈ کپ شروع ہونے سے 15 دن قبل آسٹریلیا پہنچ گئی تھی تاکہ وہاں پیچز اور موسم سے متعلق آگاہی حاصل ہو سکے، بدقسمتی سے وہاں بارشوں کی وجہ سے ورلڈ کپ کے میچز سے قبل ہمارے پریکٹس میچ نہیں ہوسکے تاہم اس کے باوجود 2016ء کی ورلڈ چیمپیئن ویسٹ انڈیز کے خلاف ورلڈ کپ کے پہلے میچ میں ہماری ٹیم کی کارکردگی بہت اچھی رہی اور ویسٹ انڈیز کو اچھے مارجن سے شکست دی، ساؤتھ افریقہ کے خلاف دوسرے میچ میں کپتان بسمعہ معروف بال لگنے کی وجہ سے انجرڈ ہوگئی تھیں جس کی وجہ سے ٹیم کی کارکردگی متاثر ہوئی تاہم میچ میں ٹیم کی مجموعی کارکردگی اچھی رہی لیکن ہماری ٹیم اس میچ میں اچھا فنش نہیں کرسکی جس کی وجہ سے میچ میں شکست ہوئی۔ انہوں نے بتایا کہ مجموعی طور پر پاکستان کی ٹیم نے ٹی 20 ورلڈ کپ میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا، بہت سے نئے تجربات ہوئے جیسے نئے بال کے ساتھ ڈیانا بیگ اور انعم امین نے بہت اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور پاور پلے میں بہت اچھی بالنگ کی۔ انہوں نے کہا کہ ہماری ٹیم کی تیاری بہت اچھی تھی جسے آسٹریلیا میں بھی برقرار رکھا گیا۔ انہوں نے کہا کہ کھلاڑیوں کے فٹنس لیول کو مزید بہتر بنانے کے لئے کام کیا جارہا ہے۔
، ہماری ٹیم کی فیلڈنگ کسی میچ میں بہت اچھی رہی اور کسی میچ میں متاثر بھی ہوئی، ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹیم نے بہت اچھی فیلڈنگ کی جبکہ انگلینڈ کے خلاف فیلڈنگ کا معیار نظر نہیں آیا، ٹیم میں اچھے کمبینیشن کی وجہ سے دیگر کھلاڑیوں کو نہیں آزمایا گیا، شکست کی ذمہ داری کوچز سے کھلاڑیوں تک پوری ٹیم پر آتی ہے تاہم ٹیم نے میچز میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔