اداکاری کے علاوہ ماڈلنگ کا شوق ہے، رزکمالی
لاہور(فلم رپورٹر)معروف اداکارہ و ماڈل رز کمالی نے ”پاکستان“سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ اداکاری کے علاوہ ماڈلنگ کا شوق ہے‘جب تک گھر میں بزرگوں کی رائے کو حیثیت دی جاتی رہی حالات قابو میں تھے لیکن جب نئی نسل نے خود کو ہی عقل کل سمجھنا شروع کیا تو مسائل پیدا ہونا شروع ہو گئے۔ رزکمالی نے کہا کہ ہمیں آج کی نوجوان نسل میں والدین اور بزرگوں کی اہمیت اجاگر کرنے والے ٹی وی ڈرامے بھی پیش کرنے چاہئیں۔میں سمجھتی ہوں کہ ایسے موضوعات پر مزید کام ہونا چاہئے۔
نوجوان نسل کا بہترین کام کرنا ہم سب کے لئے قابل فخر ہے۔ہمارے ٹی وی ڈرامے کل بھی غیر ملکی ڈراموں سے اچھے تھے اور آج اور بھی بہتر ہیں۔بہت دکھ ہوتا ہے جب ہمارے اپنے بہت سے لوگ فخریہ یہ کہتے ہیں کہ ہم ٹی وی ڈرامے نہیں دیکھتے۔ ہمیں اپنے کانام اجاگر کرنے کیلئے اپنے ملک اور ملک کی چیزوں کو اپنانا چاہیے۔