حسیب حسن اور عمیرہ احمد کی آنے والی فلم " آن " کی تیاریاں
لاہور (فلم رپورٹر) حمدان فلمز کے معروف ڈائریکٹر اور پروڈیوسر حسیب حسن نے نئی بلاک بسٹر فلم "آن "کی تیاریاں تیز کردیں۔ عالمی شہرت یافتہ اور پاکستان فلم انڈسٹری کا سب سے بڑا نام اور مداحوں کے دلوں کی دھڑکن فواد خان جنہوں نے نہ صرف اپنا نام بلکہ ملک کے لیے عزت کمائی ہے ایک ایسے اوتار میں نظر آئیں گے، جس میں اس سے قبل کبھی نہیں دیکھے گئے ہیں۔ فلم کی دیگر کاسٹ میں صنم سعید، زارانور عباس، جاوید شیخ، نوید شہزاد، نیئر اعجاز، نعیم طاہر اور علی خان سمیت دیگر شامل ہیں۔ حسیب حسن نے اس سے قبل کئی پروجیکٹس کیے ہیں جو کہ دنیا بھر میں مقبول ہوئے ہیں۔
۔، جس میں " پرواز ہے جنون"ایک ہے، یہ فلم ایک جنگ پر مشتمل ہے، جس نے دنیا بھر کے سینماوں میں تہلکہ مچاکر لاکھوں لوگوں کے دل جیتے ہیں، اس فلم نے دنیا بھر کے باکس آفس پر 40کروڑ سے زائد کمائی کرکے پاکستانی فلم کا ریکارڈ قائم کیا جبکہ ایسا بھی پہلی بار ہوگا کہ پاکستان میں بننے والی فلم چین میں ریلیز کی جائے گی۔ فلم "آن "کی کہانی معروف مصنف اور خوابوں کو حقیقت کا روپ دینے والی عمیرہ احمد نے تحریر کی ہے، عمیرہ احمد کے مشہور پراجیکٹس میں زندگی گلزار ہے، لعل،شہر ذات اور میری ذات ذرہ بے نشاں شامل ہیں، فلم کی کہانی میں عمیرہ احمد نے ایسے شاہکار مکالمے پیش کئے ہیں جو کہ دیکھنے والوں کے دلوں کو دھڑکنے پر مجبور کردیں گے۔ فلم "آن "بحریہ کے جنگجووں کے مرکزی کرداروں کے مابین محبت کا احاطہ کرتی ہے، جس میں جنگی محاذ کے ساتھ مزاح بھی شامل ہے، فلم کی شوٹنگ کی تیاریاں مکمل کی جاچکی ہیں، جس کا آغاز اپریل سے کیا جائے گا اور رواں سال کے اختتام تک فلم شائقین کے لئے پیش کی جائے گی۔