عمارت گر نے کی ذمہ دار حکومت اورایس بی سی اے ہیں، حافظ نعیم الرحمن

عمارت گر نے کی ذمہ دار حکومت اورایس بی سی اے ہیں، حافظ نعیم الرحمن

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


کراچی (اسٹاف رپورٹر)امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے گلبہار کے علاقے میں 5منزلہ عمارت گرنے کے واقع کے بعد متاثرہ علاقے کا دورہ کیا اور علاقہ مکینوں سے ملاقات کی۔ انہوں نے اس سانحے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اس کی ذمہ داری سندھ حکومت اور سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی پر عائد کی۔ حافظ نعیم الرحمن نے عمارت گرنے کے فوری بعد حکومت اور سرکاری مشنری کی جانب سے متاثرین کے لیے بروقت امدادی کارروائیاں شروع نہ کرنے پر بھی شدید تنقید کی اور کہا کہ افسوسناک سانحے کے فوری بعد رینجرز اہلکاراور الخدمت کے ریسیکو رضا کارموقع پر پہنچے اور ان کے ہمراہ اہل محلہ نے مل کر اپنی مدد آپ کے تحت ملبے میں دبے افراد کو نکالنے کی کوشش کی۔شہری اور عسکری اداروں کے درمیان کو آرڈی نیشن نہ ہونے سے بروقت امدادی کارروائیاں نہیں ہو پاتی۔ یہ حکومت کی ذمہ داری ہے کہ فوری ریسیکو فراہم کرے۔انہوں نے کہا کہ یہ بڑا المیہ ہے کہ سندھ حکومت اور کے ایم سی کے پاس ایسا نظام اور مشنری موجود نہیں کہ فوری طور پر ریلیف فراہم کیا جائے اور ملبے میں دبے افراد کو نکالا جائے۔ حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی میں نیچے سے اُوپر تک رشوت اور کرپشن کا نیٹ ورک سر گرم ِ عمل ہے اور جہاں دو منزلہ عمارت کی تعمیر کی اجازت ہوتی ہے وہاں کئی کئی منزلہ عمارتیں تعمیر ہو جاتی ہیں جو بعد میں انسانی جانوں کے لیے خطرہ بن جاتی ہیں، بد عنوان افسران اور اہلکاروں سے کوئی پوچھ گچھ نہیں ہو تی کہ کس طرح کثیر المنزلہ عمارتوں کے نقشے پاس ہو جاتے ہیں اور ان کو ریگولرائز کر دیا جاتا ہے۔یہ غیر قانونی عمل برسوں سے جاری ہے۔ اس غیر قانونی عمل میں ملوث افراد کے خلاف سخت کارروائی کرنے کی ضرورت ہے تاکہ ایسے افسوسناک واقعات کی روک تھام ہو سکے۔ حافظ نعیم الرحمن نے اس افسوسناک حادثے میں جاں بحق ہونے والوں کے لیے مغفرت اور زخمیوں کے لیے جلد صحت یابی کی دعاکی اور کہا کہ حکومت زخمیوں کے بہتر علاج کو یقینی بنائے۔اس موقع پر جماعت اسلامی ضلع وسطی کے امیر منعم ظفر خان، جماعت اسلامی کے کارکنان اورالخدمت کے رضاکاروں کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔

مزید :

صفحہ اول -