پشاور زلمی اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے میچ کے دوران ایک اور تکنیکی بلنڈر پکڑا گیا، بین کٹنگ کے آؤٹ سے متعلق ایسا انکشاف کہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے مداح غصے سے آگ بگولہ ہو جائیں
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور پشاور زلمی کے درمیان میچ میں بین کٹنگ کے آؤٹ پر نو بال چیک کرنے کیلئے سٹمپ کیمرے کا غلط ری پلے چلا دیا گیا جس کے بعد شائقین کرکٹ کی جانب سے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔
تفصیلات کے مطابق پی ایس ایل میں کوئٹہ کی ٹیم پشاور کے خلاف 15 اوورز میں 171 رن کے ہدف کا تعاقب کر رہی تھی اور ایسے میں بین کٹنگ فتح کیلئے ایک روشن امید تھے لیکن اننگز کے 11 ویں اوور کی چوتھی گیند پر وہ مڈ وکٹ پر لیونگ سٹون کے ہاتھ کیچ آؤٹ ہوئے مگر امپائر نے وہاب ریاض کی نوبال چیک کرنے کیلئے ایکشن ری پلے کا سہارا لیا۔
اس دوران مختلف اینگلز کو بار بار دیکھ کر فیصلہ کیا گیا کہ وہاب ریاض کی گیند نو بال نہیں تھی لیکن غور کرنے پر معلوم ہوا کہ سکرین پر چلنے والے ری پلے ہی غلط تھے۔سائیڈ کیمرے سے جب دیکھا گیا تو یوں لگا کہ شاید نو بال ہو سکتی ہے، شک کو دور کرنے کے لیے سٹمپ والے کیمرے کا ری پلے دیکھا تو محسوس ہوا کہ شاید بالر کا پیر لائن کے اندر ہے اور ایسا اس لئے محسوس ہوا کیونکہ دونوں الگ الگ گیند کے شاٹس تھے۔
جب سائیڈ کیمرے کا ری پلے دیکھا گیا تو وہ وہی تھا جس گیند پر بین کٹنگ آوٹ ہوئے تھے اور محمد نواز نان سٹرائیکر اینڈ پر تھے لیکن سٹمپ کیمرے کے چلائے جانے والے ری پلے پر نان سٹرائیکر پر بین کٹنگ ہی نظر آئے، اگر شاٹ بھی انہوں نے ہی مارا تو وہ خود نان سٹرائیکر اینڈ پر کیسے ہو سکتے ہیں؟دونوں اینگلز میں نان سٹرائیکر اینڈ پر کھڑے بیٹسمین نے جو بیٹ تھامے تھے ان پر سٹیکرز بھی مختلف تھے۔
اس کے علاوہ نظر آنے والے کھلاڑیوں میں سے ایک پوری آستین کی قمیص پہنے ہوئے ہے جبکہ دوسرا آدھی آستین کی شرٹ میں ملبوس ہے۔ایک رائے یہ بھی ہے کہ یہ انسانی غلطی ہو سکتی ہے مگر اس کی ہی بنیاد پر ممکنہ طور پر امپائرز نے اپنا فیصلہ دیا تاہم شاید اس ایک فیصلے نے ہی میچ کا نتیجہ بھی بدل دیا۔