پاکستان نے دوستی کا حق ادا کردیا، کرونا وائرس سے مقابلے میں چین کی مدد کے لیے ایسا کام کردیا کہ نئی تاریخ رقم کردی
بیجنگ(مانیٹرنگ ڈیسک) چین میں کورونا وائرس پھیلنے کے بعد سے کن ممالک اور تنظیموں نے چینی حکومت کی مدد کی اور کتنی کی؟ اس حوالے سے چینی وزارت خارجہ نے ایسی بات بتا دی ہے کہ سن کر ہر پاکستانی بے ساختہ ’پاک چین دوستی زندہ‘ پکار اٹھے گا۔ چینی اخبار پیپلزڈیلی کی رپورٹ کے مطابق چینی وزارت خارجہ نے بتایا ہے کہ کورونا وائرس پھیلنے کے بعد سے 62ممالک اور 7بین الاقوامی تنظیموں نے چینی حکومت کی مدد کی ہے۔
باقی ممالک کی طرف سے کیا مدد کی گئی اس حوالے سے رپورٹ میں اعدادوشمار شامل نہیں کیے گئے تاہم چینی وزارت خارجہ نے پاکستان کا ذکر کرتے ہوئے بتایا ہے کہ ”پاکستان نے ملک میں موجود فیس ماسک کا پورے کا پورا ذخیرہ چین کو عطیہ کر دیا۔“سوشل میڈیا پر کچھ لوگ پاکستان کی اس دریادلی پر تنقید بھی کر رہے ہیں کہ اگر کورونا وائرس یہاں پھیل گیا تو پھر ماسک کہاں سے آئیں گے؟ تاہم اکثریت پاکستانی حکومت کے اس اقدام پر خوشی کا اظہار کر رہی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ چین کے ساتھ ہماری دوستی کا تقاضا یہی تھا کہ اسی طرح دل کھول کر اپنے چینی بھائیوں کی مدد کی جاتی۔ایک ٹوئٹر صارف نے لکھا کہ ”ہمیں فیس ماسک نہ ملے تو کوئی بات نہیں، کوئی مشکل صورت درپیش ہوئی تو اللہ کی مدد ہمارے ساتھ ہو گی۔“