طیارے میں سوار ہونے کے بعد مسافر نے کورونا مریض ہونے کا اعلان کردیا، کھلبلی مچ گئی

طیارے میں سوار ہونے کے بعد مسافر نے کورونا مریض ہونے کا اعلان کردیا، کھلبلی ...
طیارے میں سوار ہونے کے بعد مسافر نے کورونا مریض ہونے کا اعلان کردیا، کھلبلی مچ گئی

  

نئی دہلی (ویب ڈیسک) بھارت کے مسافر طیارے میں اس وقت کھلبلی مچ گئی اورایئرپورٹ پہ متعین عملے کی دوڑیں لگ گئیں جب پرواز سے محض چند لمحے قبل ایک مسافر نے کھڑے ہو کر اعلان کیا کہ وہ کورونا پازیٹیو (مثبت) ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق دہلی ایئرپورٹ پر اس وقت عجیب افرا تفری کا عالم دیکھنے میں آیا جب ایک مسافر نے پرواز سے چند لمحے قبل اپنی نشست پہ کھڑے ہو کر اعلان کیا کہ وہ کورونا مثبت ہے,  مسافر کا اعلان سننے کے بعد پائلٹ نے کنٹرول ٹاور کو صورتحال سے آگاہ کیا اور پھر ہدایت ملنے کے بعد جہاز کو اڑان بھرانے کے بجائے پارکنگ بے کی طرف لے گیا۔

ذرائع کے حوالے سے بتایا گیا  کہ جس مسافر نے اعلان کیا تھا وہ اپنے ہمراہ دستاویزی ثبوت بھی لایا تھا جو اس نے ساتھی مسافروں کو دکھائے۔

بھارتی نشریاتی ادارے کے مطابق ذرائع کا کہنا ہے کہ ایئربس اے-320 کے پائلٹ نے درپیش صورتحال میں اعلان کیا کہ تین قطاروں میں چھ  سے آٹھ تک کی تین نشستوں والے مسافر پہلے جہاز سے اتریں تاکہ انہیں ایک کوچ کے ذریعے حفاظت کے ساتھ منتقل کیا جا سکے, مسافروں کے باہر آنے کے بعد نشستوں کو پہلے مرحلے میں ڈس انفیکٹ کیا گیا اور ساتھ ہی احتیاطاً ان کے کورز بھی تبدیل کیے گئے۔

ایئر لائن کی جانب سے مسافروں کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے حفاظتی لباس بھی فراہم کیے گئے اور ہدایت کی گئی کہ وہ لباس پہن کر رکھیں۔ این ڈی ٹی وی کے مطابق کورونا وائرس سے متاثرہ مسافر کو ایمبولینس کے ذریعے جنوبی دہلی کے صفدر جنگ ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

مزید :

بین الاقوامی -کورونا وائرس -