مریم اورنگزیب کو لات، مصدق ملک کو تھپڑ مار کر شاہد خاقان عباسی سے مار کھانے والا ایک ہی شخص نکلا
اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن) قومی اسمبلی میں وزیر اعظم کے اعتماد کے ووٹ کے دوران ایوان کے باہر پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے کارکنوں نے مسلم لیگ ن کے رہنماؤں سے بدسلوکی کی۔ اب یہ دعویٰ سامنے آیا ہے کہ لیگی رہنماؤں کے ساتھ بدتمیزی کرنے والا ایک ہی شخص تھا۔
نجی ٹی وی سے وابستہ صحافی مدثر سعید نے مریم اورنگزیب کو لات ، مصدق ملک کو تھپڑ مارنے کے بعد شاہد خاقان عباسی سے مار کھانے والے شخص کی تصاویر شیئر کی ہیں۔ ان کے مطابق تینوں کے ساتھ نظر آنے والا ایک ہی شخص ہے۔
واضح رہے کہ لیگی رہنماؤں کی میڈیا سے گفتگو کے دوران قومی اسمبلی کے باہر بدنظمی پیدا ہوئی تھی۔ اس دوران کسی نے مسلم لیگ ن کے سیکرٹری جنرل احسن اقبال کو پشاوری چپل دے ماری تھی۔ اس کے علاوہ ن لیگ کی ترجمان مریم اورنگزیب کو پی ٹی آئی کے کسی کارکن نے لات ماری اور مصدق ملک کو تھپڑ بھی رسید کیا۔ مصدق ملک کو جیسے ہی تھپڑ لگا تو سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی فوری طور پر آگے بڑھے اور حملہ آور پر جوابی حملہ کردیا تاہم وہ لیگی رہنماؤں کے مقابلے میں نوجوان ہونے کے باعث ایک آدھ تھپڑ کے بعد ہی ان کے ہاتھوں سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا تھا۔
اطلاعا عرض ہے کہ مریم اورنگزیب کو لات مارنے والا، مصدق ملک کو تھپڑ مارنے والا اور پھر بعد میں شاہد خاقان عباسی سے مار کھانے والا ایک ہی شخص ہے۔ pic.twitter.com/C2rjodcjC5
— Mudassar Saeed (@MudassarGEO) March 6, 2021