’بڑھکیں مارنے والی اپوزیشن میں رتی بھر بھی شرم ہوتی تو وہ۔۔۔‘ سردار تنویر الیاس حکومت مخالف جماعتوں پر برس پڑے 

’بڑھکیں مارنے والی اپوزیشن میں رتی بھر بھی شرم ہوتی تو وہ۔۔۔‘ سردار تنویر ...
’بڑھکیں مارنے والی اپوزیشن میں رتی بھر بھی شرم ہوتی تو وہ۔۔۔‘ سردار تنویر الیاس حکومت مخالف جماعتوں پر برس پڑے 

  

اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما اور وزیراعلیٰ پنجاب کے معاون خصوصی سردار تنویر الیاس خان نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان پاکستان کو کرپشن سے پاک کرنے کےلئے پرعزم ہیں ،178 اراکین اسمبلی نے وزیراعظم کو اعتماد کا ووٹ دے کر اپوزیشن جماعتوں کو منہ توڑ جواب دیا ہے،لوٹ مار ،کرپشن اور جھوٹ کی بنیادوں پر سیاست کرنے والی حکومت مخالف جماعتوں کے لئے چھ مارچ کا دن بھیانک ثابت ہوا ہے، وزیر اعظم عمران خان نے ثابت کیا ہے کہ وہ مردِ میدان ہیں اور اپوزیشن کی طرح دم دبا کر بھاگنے والوں میں سے نہیں ہیں۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سردار تنویر الیاس خان کا کہنا تھا کہ ملکی تاریخ کے بہادر ترین وزیراعظم نے بزدل اپوزیشن کے چھکے چھڑا دیئے ہیں،بڑھکیں مارنے والی اپوزیشن جماعتوں میں رتی بھر بھی شرم ہوتی تو وہ اسمبلی سے دم دبا کر بھاگنے کی بجائے میدان میں "کپتان "کا مقابلہ کرتی،اپوزیشن کو وزیراعظم نے کھڈے لائن لگا دیا ہے،اب ان کے لانگ مارچ کی حالت بھی "لانگ گواچا "جیسی ہو گی ،قوم دیکھ رہی ہے کہ ملک میں شفافیت کون چاہتا ہے اور کرپشن کو فروغ دینے کے لئے ایڑی چوٹی کا زور کون لگا رہا ہے۔اُنہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے اپوزیشن کو دوٹوک پیغام دے دیا ہے کہ کرپشن پر کوئی سمجھوتہ پہلے کیا اور نہ اب ہو گا ،کرپٹ عناصر کے لئے پاکستان کی زمین تنگ کردی جائے گی ،کرپشن کا دور ختم ہو چکا ہے،اب لوگوں کو سمجھ آ چکی ہے کہ اس ملک کی جڑوں کو کھوکھلا کرنے میں کس سیاست دان اور کس سیاسی جماعت نے کلیدی کردار ادا کیا ہے۔

سردار تنویر الیاس خان کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف اپنے قائد عمران خان کی قیادت میں متحد ہے،آزاد کشمیر میں بھی تبدیلی کا نعرہ گونج رہا ہے،آئندہ الیکشن میں پی ٹی آئی آزاد کشمیر میں بھی اپنے "کپتان"کو سرخرو کرے گی اور ریاست میں نئے دور کا آغاز ہو گا ،جیسے جیسے لوگ تحریک انصاف میں شامل ہو رہے ہیں ویسے ہی مخالفین کی نیندیں اڑ چکی ہیں اور وہ اوچھے ہتھکنڈوں کے ذریعے اپنی خفت مٹانے کی کوشش کر رہے ہیں ،کسی سازش سے پہلے گھبرائے تھے اور نہ ہی آئندہ کوئی سازش ہمارے بڑھتے ہوئے قدموں کو روک سکتی ہے،پورے کشمیر میں تحریک انصاف کا پرچم لہرا رہا ہے،ہم اپنے بیرونی دشمنوں کے ساتھ اندرونی مخالفین کو بھی شکست فاش دیں گے ،اللہ کی رحمت سے کوئی قوت ہمارے راستے میں روڑے نہیں اٹکا سکتی ۔انہوں نے آزاد کشمیر میں پی ٹی آئی کارکنوں کے نام اپنے پیغام میں کہا کہ مخالفین اپنی شکست سے خوفزدہ ہیں اور اب ان کے پاس اوچھے ہتھکنڈوں کے علاوہ کوئی راستہ نہیں بچا لیکن کپتان کے کھلاڑی کسی سازش کا شکار ہوئے بغیر قیادت کی آواز پر لبیک کہتے ہوئے وزیراعظم عمران خان کا پیغام ایک ایک کشمیری تک پہنچانے کے لئے کوئی کسر نہیں چھوڑیں گے،وزیراعظم عمران خان کشمیر کے سفیر اور دنیا میں کشمیریوں بھائیوں کے سب سے بڑے وکیل ہیں،دنیا عمران خان کی بات کو سنجیدہ لیتی ہے اور عالم اسلام میں بھی عمران خان کی آواز سب سے توانا ہے ،یہی وجہ ہے کہ آج مسئلہ کشمیر عالمی فورمز پر پوری شد و مد کے ساتھ گونج رہا ہے،وہ وقت بھی قریب ہے جب مظلوم کشمیری بہن بھائی آزادی کا سورج اپنی آنکھوں سے طلوع ہوتا دیکھیں گے۔   

مزید :

علاقائی -اسلام آباد -