" اگر کوئی یہ بات ثابت کر دے میں سیاست چھوڑ دوں گا "وزیراعظم عمران خان کی تقریر پر سینیٹر رحمان ملک نے کھلا چیلنج دے دیا 

" اگر کوئی یہ بات ثابت کر دے میں سیاست چھوڑ دوں گا "وزیراعظم عمران خان کی تقریر ...

  

اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما اور سابق وزیرِداخلہ سینیٹر رحمان ملک نے کہا ہے کہ این آر او کے حوالے سے وزیراعظم عمران خان کے الزامات بے بنیاد ہیں،وزیراعظم عمران خان سے مطالبہ ہے کہ  پیپلز پارٹی پر این آر او کے جھوٹے الزامات واپس لیں،پاکستان پیپلز پارٹی کی قیادت نے مشرف سمیت کبھی کسی سے کوئی این آر او نہیں لیا ،چیلنج کرتا ہوں کوئی ثابت کر دے کہ  پیپلزپارٹی نے کبھی کوئی این آر او دستخط کیا ہو  میں سیاست چھوڑ دوں گا۔

تفصیلات کے مطابق سینیٹر رحمان ملک نے  وزیراعظم عمران خان کی قومی اسمبلی میں تقریر پر شدید رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم کی تقریر سننے کے بعد فرض سمجھتا ہوں کہ اپنی قیادت کا دفاع کروں،ضروری ہے کہ این آر او کے حوالے سے وزیراعظم عمران خان کی غلط فہمی دور ہو، این آر او کے حوالے سے وزیراعظم عمران خان کے الزامات بے بنیاد ہیں،وزیراعظم عمران خان سے مطالبہ ہے کہ  پیپلز پارٹی پر این آر او کے جھوٹے الزامات واپس لیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے نہ جنرل مشرف اور نہ کسی اور سے کبھی کوئی این آر او لیا ہے،  چیلنج کرتا ہوں کوئی ثابت کرے کہ پیپلز پارٹی نے کوئی این آر او لیا ہو، کسی نے ثابت کیا کہ پیپلزپارٹی نے کبھی کوئی این آر او دستخط کیا ہے تو  سیاست چھوڑ دونگا۔ سینیٹر رحمان ملک  کا کہنا تھا کہ یہ پیپلز پارٹی کی قیادت کے خلاف صرف جھوٹا پروپیگنڈہ ہے،محترمہ شہید بینظیر بھٹو کی وساطت سے پرویز مشرف کیساتھ میرے رابطے جمہوریت کی بحالی کے لئے تھے،مشرف چاہتے تھے محترمہ بینظیر بھٹو شہید الیکشن کے بعد پاکستان واپس آئیں،محترمہ بینظیر بھٹو شہید کا جواب تھا کہ میرے واپسی کا فیصلہ میں نے خود کرنا ہے نہ کہ جنرل مشرف،بینظیر بھٹو شہید نے  مشرف کو جواب دیا تھا کہ میں الیکشن سے پہلے ملک واپسی کا فیصلہ لے چکی ہوں،بینظیر بھٹو اپنے کارکنان کیساتھ کئے گئے وعدے کے مطابق آئیں کہ الیکشن میں حصہ لیا، کوئی این آر او دستخط ہوچکا ہوتا تو  بینظیر بھٹو شہید الیکشن سے پہلے پاکستان نہ آتیں۔

انہوں نے کہا کہ بینظیر بھٹو شہید نے جان کی قربانی  دیکر پاکستان میں جمہوریت بحال کی، آج محترمہ بینظیر بھٹو شہید کے مرہون منت ملک میں جمہوریت ہے جہاں عمران خان وزیراعظم ہے،وزیراعظم عمران خان اور انکے دوست و احباب سے درخواست ہے کہ سیاست میں اخلاقی حدود پار نہ کرے۔سینیٹر رحمان ملک  نے کہا کہ آصف علی زرداری پر آج تک کوئی الزام ثابت نہیں ہوا ہے،آصف زرداری کیخلاف الزامات اور کیسز جھوٹے ہیں کو کبھی ثابت نہ ہوسکے، 

آصف  زرداری کسی بھی عدالت سے سزایافتہ نہیں ہیں،بہت کچھ جانتا ہوں، چاہتا ہوں کہ کیچڑ اچھالنے کی سیاست نہ ہو،عمران خان کے اردگرد آدھے سے زیادہ وہ  لوگ ہیں جو پہلے  پیپلزپارٹی میں تھے،ملک کو موجودہ بے یقینی کی صورتحال سے نکالنے کے لئے سمجھداری کی ضرورت ہے۔

مزید :

علاقائی -اسلام آباد -