ن لیگی رہنماؤں کے ساتھ تحریک انصاف کے کارکنوں کی دھینگا مشتی ، پیپلزپارٹی بھی لنگوٹ کس کر میدان میں آگئی
اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن) پیپلز پارٹی کی مرکزی رہنما اور رکن قومی اسمبلی شازیہ عطاء مری نے کہا ہے کہ آج پارلیمنٹ کے سامنے ن لیگی رہنماؤں کے ساتھ پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی) کے کارکنان کے رویے کی شدید مذمت اور افسوس کا اظہار کرتے ہیں ،ہم سمجھتے ہیں کہ پی ٹی آئی اس طرح کی غنڈہ گردی کر کے خود کو صرف ایک فاشسٹ جماعت ظاہر کر رہی ہے جو کہ ہم ایک عرصے سے کہتے آ رہے ہیں ہیں۔
تفصیلات کے مطابق اپنے ویڈیو پیغام میں شازیہ عطاء مری کا کہنا تھا کہ آج پارلیمنٹ کے باہر انتہائی افسوسناک مناظر دیکھنے میں آئے،جب ن لیگی رہنما پریس کانفرنس کر رہے تھے عین اس وقت جب ایک غیر آئینی اور غیر قانونی اجلاس قومی اسمبلی میں بلایا جا رہا تھا اور ایک سوچے سمجھے منصوبے کے تحت پی ٹی آئی کارکنان کو اندر داخل کروایا گیا اور وہاں پر ان کو ٹاسک دیا گیا کہ وہ اس طرح کی غنڈہ گردی کریں،ن لیگی رہنماؤں کی پریس کانفرنس کے دوران پی ٹی آئی غنڈوں کی غنڈہ گردی بڑھتی گئی اور بالخصوص قومی اسمبلی کی ایک خاتون ممبر مریم اورنگزیب کے ساتھ جو رویہ اختیار کیا گیا وہ بہت افسوسناک تھا اور اس کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔
شازیہ مری نے کہا کہ ہم سمجھتے ہیں کہ پی ٹی آئی اس طرح کی گنڈا گردی کر کے خود کو صرف ایک فاشسٹ جماعت ظاہر کر رہی ہے جو کہ ہم ایک عرصے سے کہتے آ رہے ہیں ہیں، اس کے ساتھ ساتھ پارلیمنٹ لاجز کے اندر بھی ٹولیوں کی شکل میں لوگوں کو بھیجا گیا جنہوں نے پاکستان تحریک انصاف کے جھنڈے اٹھائے ہوئے تھے اور وہ ہماری خواتین ایم این ایز کے دروازوں پر ناک کر کے انہیں ہراساں کرتے رہے، اس طرح کا رویہ قابل مذمت ہے۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی 3 مارچ کو قومی اسمبلی میں ہار چکی ہے اور عمران نیازی کے اوپر عدم اعتماد کا اظہار ہو چکا ہے جو کہ ان سے برداشت نہیں ہو رہا اور اس کا نتیجہ یہ ہے کہ آج اسلام آباد کے اندر یہ لوگ بدمعاشی کے اوپر اتر آئے ہیں۔