بلاول کے لانگ مارچ میں معروف شاعر کی جیب کٹ گئی

بلاول کے لانگ مارچ میں معروف شاعر کی جیب کٹ گئی
بلاول کے لانگ مارچ میں معروف شاعر کی جیب کٹ گئی

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

خانیوال (ڈیلی پاکستان آن لائن)  پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی ) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں ہونے والے حکومت مخالف لانگ مارچ کے دوران جنوبی پنجاب کے معروف شاعر خوشی محمد ساجد میلسوی کی جیب کٹ گئی۔

خوشی محمد ساجد کے مطابق وہ شاعر کے ساتھ ساتھ پیپلز پارٹی کے دیرینہ کارکن بھی ہیں۔ اپنے قائد کو اپنے جنوبی پنجاب میں خوش آمدید کہنے کیلئے وہ ریلی میں لودھراں سے شریک ہوئے اور ساہیوال تک اس کے ساتھ رہے۔

انہوں نے بتایا کہ اسی ریلی کے دوران جیب کتروں نے ان کی جیب پر ہاتھ صاف کردیا اور ان کا قیمتی موبائل فون لے اڑے ۔ خوشی محمد کے مطابق ان کا موبائل فون اس وقت چوری ہوا جب وہ سینیٹر کرشنا کماری کے ساتھ سیلفی بنانے کے بعد واپس اپنی گاڑی کی طرف جا رہے تھے۔

خوشی محمد ساجد میلسوی کا کہنا ہے کہ انہیں اپنی جیب کٹنے کی پرواہ نہیں ہے، وہ اپنی پارٹی کیلئے جان بھی دینے کو تیار ہیں۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ بلاول بھٹو زرداری کے اسلام آباد پہنچنے سے پہلے ہی پاکستان تحریک انصاف کی حکومت رخصت ہوجائے گی۔

بلاول کی اسی ریلی میں خوشی محمد کے بڑے بھائی نذیر احمد بھی شریک تھے۔ ان کا کہنا تھا کہ بلاول کے لانگ مارچ سے خوفزدہ لوگ اس طرح کی کارروائیوں کے ذریعے کارکنوں کو بد ظن کرنا چاہتے ہیں لیکن ہم یہ واضح کردینا چاہتے ہیں کہ نہ ہم جھکیں گے اور نہ ہی ڈریں گے بلکہ عمران خان کا استعفیٰ لے کر ہی اسلام آباد سے واپس آئیں گے۔