پیپلز پارٹی کا لانگ مارچ بے جان ، اپوزیشن کو عدم اعتماد میں شکست ہو گی ، سردار تنویر الیاس

پیپلز پارٹی کا لانگ مارچ بے جان ، اپوزیشن کو عدم اعتماد میں شکست ہو گی ، سردار ...
پیپلز پارٹی کا لانگ مارچ بے جان ، اپوزیشن کو عدم اعتماد میں شکست ہو گی ، سردار تنویر الیاس

  

اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان تحریک انصاف آزادکشمیر کے صدر و موسٹ سینئر وزیر حکومت سردار تنویر الیاس خان نے کہا ہے کہ اپوزیشن جماعتوں میں وزیر اعظم کو ہٹانے کی صلاحیت اور سکت نہیں یہ سیاسی بیروزگاروں کا ٹولہ ہے جن کے پاس کوئی ایجنڈا نہیں ۔پیپلزپارٹی کالانگ مارچ  بے جان ہے عوام نے  اپوزیشن کی سیاست کو مسترد کر دیا ہے،قوم کو عدم اعتماد پر فریب اور دھوکا  نہیں دیا جا سکتا ۔ اپوزیشن جماعتوں کو ایک بارپھر بدترین شکست کا سامنا کرنا پڑیگا ۔ حکومتی اتحادی وزیر اعظم عمران خان کے ساتھ کھڑے ہیں اور اپنا وعدہ نبھائیں گے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے کارکنوں کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ سردار تنویر الیاس خان نے کہا کہ  لوگوں نے پاکستان تحریک انصاف کاساتھ دینے کاتہیہ کررکھاہے۔تحریک عدم اعتماد کی صورت میں بھی  انشا اللہ مخالفین کی ضمانتیں ضبط کی جائیں گی، انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کو لانگ مارچ  اور عدم اعتماد میں  ناکامی ہو گی اور حکومت اپنی مدت ضرور پوری کرے گی، اپوزیشن میں نہ وہ صلاحیت ہے اور نہ سکت کہ وہ وزیراعظم کو ہٹائے، یہ بے روزگار لوگوں کا ٹولہ ہے ان کے پاس کوئی ایجنڈا نہیں، عوام نے انہیں مسترد کر دیا ہے اور یہ صرف وقت گزار رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کی اڑھائی عشروں کی جدوجہد کی بدولت پاکستان کی پارلیمانی سیاست میں  تحریک انصاف ملک کامضبوط گڑھ اور اہم مورچہ  بن چکی ہے۔ حکومت کا کسی سے مقابلہ نہیں اگر مقابلہ ہے تو صرف مہنگائی سے ہے۔ دنیا کے دیگر ممالک کی طرح پاکستان میں مہنگائی ضرور ہے لیکن حکومت اس کو کنٹرول کرنے کیلئے ایک بہتر منصوبہ بندی کے تحت کام کررہی ہے، حکومت کو احساس ہے کہ مہنگائی کی وجہ سے عوام کو مشکلات ہیں لیکن یہ مشکلات عارضی ہیں، حکومت عام آدمی پر مہنگائی کے اثرات کو کم سے کم کرنے کیلئے سنجیدہ اقدامات اٹھارہی ہے اور انشا اللہ بہت جلد حالا ت معمول پر آئیں گے۔ سردار تنویر الیاس خان نے کہا کہ آج ملک جن بحرانوں کا شکار ہے وہ موجودہ حکومت کو ورثے میں ملے ہیں، سابقہ نا اہل حکمرانوں نے ملکی معیشت کو اپنے پاوں پر کھڑا کرنے کے بجائے صرف بیرونی قرضوں پر انحصار کرکے قوم کو مقروض کر دیا لیکن موجودہ حکومت وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں ملک کو ان بحرانوں سے نکالنے کیلئے دن رات کوششیں کر رہی ہے۔ ملک کو موجودہ صورتحال سے نکالنے کیلئے حکومت کو کچھ سخت فیصلے کرنے پڑ رہے ہیں لیکن آنے والے دنوں میں صورتحال میں واضح بہتری آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ جو لوگ موجودہ حکومت کو نالائق ہونے کا طعنہ دے رہے ہیں وہ خود نالائق ہیں، جنہوں نے باری باری 70سال اس ملک پر حکومت کی لیکن ملکی معیشت کو اپنے پائوں پر کھڑا کرنے کی بجائے ملک کو بیرونی قرضوں میں ڈبو دیا۔ خراب معیشت سمیت دیگر مسائل موجودہ حکومت کو ورثے میں ملے ہیں جب ہماری حکومت آئی تو ملک دیوالیہ ہونے کے قریب تھا لیکن وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں موجودہ حکومت نے ملک کو دیوالیہ ہونے سے بچایااور ملک کی معیشت کو مستحکم کردیا۔ معیشت ترقی کررہی ہے اور تمام اعشارئیے مثبت ہیں۔  وزیر اعظم عمران خان نے نہ صرف ملکی معیشت کو مستحکم کیا ہے بلکہ موجودہ مہنگائی میں لوگوں کو ریلیف دینے کے لئے بھی ٹھوس اقدامات اٹھائے ہیں۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں ملک کی معیشت کے ساتھ ساتھ خارجہ پالیسی میں بھی نمایا ں بہتری آئی ہے، بین الاقوامی برادری اب ہم پر اعتماد کرنے لگی ہے۔وزیراعظم کا حالیہ دورہ روس انتہائی کامیاب رہا اور آنے والے دنوں میں اس کے مثبت اثرات سامنے آئیں گے۔ سردار تنویر الیاس خان نے کہا کہ اپوزیشن سیاسی بے روزگاروں کا ٹولہ ہے عوام نے انہیں مسترد کردیا ہے ان کے پاس نہ کوئی پلان ہے اور نہ کوئی ایجنڈا، انہوں نے اس قوم کے وسائل لوٹ کر اپنی ذاتی جائیدادیں بنائی ہیں اور ملک کو اس نہج پر پہنچا کر فرار ہوگئے ہیں۔

مزید :

علاقائی -اسلام آباد -