محکمہ موسمیات کی ملک بھر میں اگلے 6دن بارشوں، برفباری کی پیشگوئی 

محکمہ موسمیات کی ملک بھر میں اگلے 6دن بارشوں، برفباری کی پیشگوئی 

  

پشاور (آئی این پی)ملک بھر میں اگلے 6 دن بارشوں اور برفباری کی پیشگوئی کردی گئی ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق مغربی ہواوں کا سلسلہ ہفتہ کی رات سے داخل ہوگا اور ملک کے بالائی علاقوں میں جمعرات تک رہے گا۔ جس کے باعث ہفتہ کی رات سے منگل کے روز کوئٹہ، زیارت، قلعہ سیف اللہ، پشین، ژوب، موسی خیل، وزیرستان، ڈیرہ اسماعیل خان، بنوں، بھکر اور لیہ میں تیز ہواوں اور گرج چمک کے ساتھ بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔ہفتہ کی رات سے جمعرات کے دوران چترال، دیر، سوات، مالاکنڈ، کوہستان، شانگلہ، بونیر، مانسہرہ، ایبٹ آباد، ہری پور، گلگت بلتستان اور کشمیر میں تیز ہواؤں، گرج چمک اور وقفے کے ساتھ بارش اور برفباری جبکہ صوابی، مردان، نوشہرہ، چارسدہ، پشاور، باجوڑ، کرم، خیبر، کوہاٹ، اسلام آباد، راولپنڈی، اٹک، جہلم، چکوال، میانوالی، بھکر، سرگودھا، خوشاب، گوجرانوالہ، گجرات، لاہور اورسیالکوٹ میں اتوار اور پیر کی صبح کو آندھی، تیز ہواوں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے جبکہ اس دوران چند مقامات پر ژالہ باری اور تیز بارش کا بھی امکان ہے۔محکمہ موسمیات کی پیشگوئی کے مطابق اتوار، پیر، بدھ اور جمعرات کے روز مری، گلیات، نتھیاگلی، ناران، کاغان، دیر، سوات، شانگلہ، بونیر، وادی نیلم، باغ، حویلی، استور، اسکردو اور ہنزہ میں ہلکی اور بعض مقا مات پر درمیانی برفباری کی توقع ہے۔موسم کی خرابی کی پیشگوئی کے باعث پاکستان اور آسٹریلیا کے مابین جاری پہلا ٹیسٹ میچ بھی متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔

بارش پیشگوئی

مزید :

صفحہ آخر -