قائد اعظمؒ نے کشمیر کو پاکستان کی شہ رگ قرار دیا،کشمیری جلد آزاد ہونگے:مشاہد سید

  قائد اعظمؒ نے کشمیر کو پاکستان کی شہ رگ قرار دیا،کشمیری جلد آزاد ...

  

      لاہور(این این آئی)سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے دفاع کے چیئرمین سینیٹرمشاہد سید نے کہا ہے قائداعظمؒ کے پاس کوئی فوج نہیں تھی انہوں نے محض اپنی قوتِ ایمانی، عوامی حمایت اور کردار کی طاقت کے ذریعے آئینی وجمہوری طریقے سے پاکستان حاصل کیا، قائداعظمؒ نے کشمیر کو پاکستان کی شہ رگ قرار دیا تھااور انشاء اللہ کشمیریوں کو جلد آزادی کی نعمت ملے گی،ہم پاکستان کو عظیم سے عظیم تر بنانے کی جدوجہد جاری رکھیں گے۔ان خیالات کااظہار انہوں نے ایوان قائد اعظمؒ، جوہر ٹاؤن لاہور میں چودہویں سالانہ چار روزہ نظریہ پاکستان کانفرنس کے آخری روز منعقدہ ساتویں اور اختتامی نشست کے دوران کیا۔سینیٹر مشاہد سیدنے کہا کہ تحریک پاکستان کا جب آغاز ہوا تو اس کی بڑی مخالفت کی گئی اور دیوانے کا خواب کہا گیا لیکن یہ تحریک کامیابی سے ہمکنار ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ قائداعظمؒ خواتین کو ہر شعبہ ہائے زندگی میں آگے بڑھتا ہوا دیکھنا چاہتے تھے، تحریک پاکستان میں خواتین کو متحرک کرنے کیلئے انہوں نے اپنی بہن محترمہ فاطمہ جناحؒ کو قائل کیا اور مسلم لیگ شعبہ خواتین نے محترمہ فاطمہ جناحؒ کی قیادت میں نمایاں کردار ادا کیا۔ وزیراعظم کے نمائندہ خصوصی برائے مذہبی ہم آہنگی علامہ طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ ہم گزشتہ روز پشاور کی ایک مسجد میں ہونیوالے دھماکہ کی پر زور مذمت کرتے ہیں۔ یہ دھماکہ کسی ایک مسجد،مکتبہ فکر یا سوچ پر حملہ نہیں بلکہ یہ پاکستان اور پاکستانیوں پر حملہ ہے۔ لیکن ہم ایسی بزدلانہ کارروائیوں سے کمزور نہیں ہوں گے۔ ڈاکٹر طاہر رضا بخاری نے کہا نظریہئ پاکستان اس وطن عزیز کی اساس ہے۔شرکاء نے کہا ہم پشاور میں رونما ہونیوالے دہشتگردی کے واقعہ کی پر زور مذمت کرتے ہیں۔یہ دھماکہ کسی ایک مسجد،مکتبہ فکر یا سوچ پر نہیں بلکہ پاکستان اور پاکستانیوں پر حملہ ہے۔ہم دشمنوں کی تمام سازشوں کو ہم باہمی اتحاد ویکجہتی سے ناکام بنا دیں گے۔

مشاہد سید 

مزید :

صفحہ آخر -