وزیر اعطم کی تقاریر کا سکرپٹ لکھنے والے بھی تھک چکے ہیں:سراج الحق

  وزیر اعطم کی تقاریر کا سکرپٹ لکھنے والے بھی تھک چکے ہیں:سراج الحق

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


       لاہور(نمائندہ خصوصی)امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ ملک پر بزدل اور نااہل حکمران مسلط ہیں۔ تینوں بڑی سیاسی جماعتوں نے مل کر آئی ایم ایف کی غلامی کا طوق عوام کی گردنوں میں ڈال دیا۔ وزیراعظم کی تقاریر کا سکرپٹ لکھنے والے بھی تھک چکے ہیں۔ ظالم حکمران کرونا کے لیے مختص بجٹ بھی کھا گئے۔ ملک میں کرپشن کی انتہا ہو گئی، لاقانونیت اور غربت میں ہر آئے روز اضافہ ہو رہا ہے۔ بین الاقوامی ڈکٹیشن پر قوانین بنانے کے باوجود ملک اب تک ایف اے ٹی ایف کی گرے لسٹ میں ہے۔ اوپر سے حکم آتا ہے کہ اشیائے خوردونوش، پٹرول، بجلی کی قیمتیں بڑھا دو، ہمارے حکمران سمری پر دستخط کر دیتے ہیں۔ غیور پاکستانیوں کے مجرم ریمنڈ ڈیوس کو امریکہ کے کہنے پر چھوڑ دیا گیا اور پاکستان کی بیٹی عافیہ امریکہ کی جیل میں سالہاسال سے قید ہے۔ ملک پر حملہ کرنے والے ابی نندن کو بہتر گھنٹوں میں باعزت طریقے سے بھارت کے حوالے کردیا گیا اور کشمیر یوں پر بدترین بھارتی مظالم جاری ہیں۔ ہمارے حکمران طبقہ کی آپسی لڑائی عوام کے لیے نہیں اقتدار کے لیے ہیں۔ یہ لوگ قوم کو جھوٹے بہلاوے دے کر اقتدار پر قابض ہوتے ہیں اور بعد میں ملکی مفادات کے تحفظ کی بجائے اپنے مفادات کے تحفظ کے لیے دن رات ایک کردیتے ہیں۔ اب پھر تینوں جماعتیں آپس میں دست و گریبان ہیں، کوئی کہتا ہے اس کو سپیکر بنادو، دوسرا کہتا ہے اس کو صدر اور وزیراعظم بنا دو۔ ملک کے وارث بائیس کروڑ عوام ہیں، فیصلہ کے لیے عوام سے رجوع کیا جائے۔ کسی غیر قانونی اقدام کو تسلیم نہیں کریں گے۔ ملک کو بحرانوں سے نکالنے کے لیے شفاف انتخابات کی طرف جانا ہوگا۔ عوام بزدل، آزمائے ہوئے نااہل حکمرانوں کو مسترد کریں اور پاکستان کو ترقی کی شاہراہ پر ڈالنے اور اسلامی فلاحی ریاست بنانے کے لیے جماعت اسلامی کا انتخاب کریں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے فیصل آباد میں عوامی دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ مقررین اور سٹیج پر موجود اہم قائدین میں امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی مولانا جاوید قصوری، نائب امیر پنجاب وسطی سردار ظفر حسین خان، سیکرٹری اطلاعات قیصر شریف، امیر ضلع فیصل آباد محبوب الزماں بٹ، صدر جے یوتھ زبیر گوندل، صدر این ایل ایف شمس الرحمن سواتی، سابق صدر ایوان صنعت و تجارت فیصل آباد رانا سکندر اعظم خان اور صدر بار فیصل آباد بلال اشرف بسرا شامل تھے۔ دھرنے میں خواتین، بچوں اور بزرگوں سمیت مختلف طبقہ ہائے فکر سے تعلق رکھنے والے افراد کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
سراج الحق

مزید :

صفحہ آخر -