وزیر خارجہ شاہ محمود،روسی ہم منصب میں ٹیلیفونک رابطہ،مشترکہ اہداف کیلئے کام جاری رکھنے پر اتفاق

  وزیر خارجہ شاہ محمود،روسی ہم منصب میں ٹیلیفونک رابطہ،مشترکہ اہداف کیلئے ...

  

     اسلام آباد (این این آئی)وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کاروس کے وزیر خارجہ سرگئی لاروف کیساتھ ٹیلیفونک رابطہ ہوا جس میں دو طرفہ تعلقات، علاقائی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیر اعظم کے حالیہ دورہ روس کا حوالہ دیتے ہوئے دونوں وزرائے خارجہ نے دو طرفہ ایجنڈے اور افغانستان سمیت خطے کے اہم موضوعات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔سرگئی لاروف نے پشاور دہشت گردحملے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے رنج اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے روس کی طرف سے ہر قسم کی دہشت گردی کی مذمت پر زور دیا۔ دونوں وزرائے خارجہ نے افغانستان میں امن و استحکام کے مشترکہ اہداف کے لیے مل کر کام جاری رکھنے پر اتفاق کیا وزیر خارجہ نے یوکرین کی تازہ ترین صورتحال پر پاکستان کی تشویش کا حوالہ دیتے ہوئے  ہوئے اقوام متحدہ کے چارٹر کے بنیادی اصولوں کے مطابق کشیدگی میں کمی لانے کی ضرورت پر زور دیا۔شاہ محمود قریشی نے کہاکہ توقع ہے کہ روس اور یوکرین کے درمیان شروع ہونیوالے مذاکرات سفارتی حل تلاش کرنے میں کامیابی سے ہمکنار ہوں گے۔روسی وزیر خارجہ نے شاہ محمود کو صورتحال پر روس کے نقطہ نظر سے آگاہ کیا وزیر خارجہ نے اس بات پر زور دیا کہ یوکرین سے پاکستانی شہریوں کی محفوظ اور جلد واپسی، حکومت کی اولین ترجیح ہے اور اس ضمن میں روسی حکومت سے مدد اور سہولت فراہم کرنے کی درخواست کی۔روسی وزیر خارجہ نے پاکستانی شہریوں کے محفوظ انخلا کے حوالے سے مکمل تعاون کا یقین دلایا۔دونوں وزرائے خارجہ نے ابھرتی ہوئی صورتحال پر رابطے جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔

شاہ محمود رابطہ

مزید :

صفحہ اول -