اپوزیشن اقتدار کی ہوس میں مبتلا،قومی مفادات کو داؤ پر لگایا ہوا ہے:عثمان بزدار

 اپوزیشن اقتدار کی ہوس میں مبتلا،قومی مفادات کو داؤ پر لگایا ہوا ہے:عثمان ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


       لاہور(نمائندہ خصوصی) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ ملک نازک دور سے گزر رہا ہے۔ خطے کی بدلتی صورتحال کے تناظر میں پہلے سے زیادہ اتفاق، اتحاد اور یکجہتی کی ضرورت ہے۔ موجودہ حالات میں اپوزیشن جماعتیں ڈیڑھ انچ کی مسجد بنا کر منفی سیاست کر رہی ہیں۔ان لوگوں کو عوام کے مسائل سے کوئی د لچسپی نہیں۔انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات میں عدم استحکام پیدا کرنے کی کوشش کرنے والوں کو قومی مفاد عزیز نہیں۔نازک حالات میں سیاسی افراتفری کے ذریعے ذاتی عزائم کی تکمیل ملک سے دشمنی کے مترادف ہے۔ سیاسی انتشار پھیلانے والوں کو ہوش کے ناخن لینے چاہئیں۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ اپوزیشن نے قومی مفادات کو داؤ پر لگایا ہوا ہے اور اقتدار کی ہوس میں مبتلا ہے۔ قوم اپوزیشن کے منفی طرز عمل کو کبھی معاف نہیں کرے گی اور ان لوگوں کو مضبوط ہوتی معیشت کو ڈی ٹریک کرنے کی کوشش پرقوم کو جواب دینا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ قومی مفاد ات کے خلاف مصروف عمل عناصر کو اتحاد کی قوت سے روکنا ہوگا۔صوبے میں کھیلوں کے فروغ کیلئے بزدار حکومت کے تاریخ ساز اقدام،محکمہ کھیل کے بجٹ میں ریکارڈ اضافہ، ساڑھے3برس میں سپورٹس فسیلٹیز کی تعداد618تک بڑھا دی گئی۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا ہے کہ محکمہ کھیل کابجٹ2ارب روپے سے بڑھا کر7ارب 34کروڑ روپے کردیاگیاہے اور پنجاب میں ساڑھے 3برس کے دوران 318نئی سپورٹس فسیلٹیز بنائی ہیں جبکہ 70برس کے دوران پنجاب میں صرف 300سپورٹس فسیلٹیز بنیں۔ ہماری حکومت نے مختصر مدت میں ان سپورٹس فسیلٹیز کو ڈبل کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ پنجاب کے دیہات میں 1400نئے گراؤنڈز بنائے جارہے ہیں۔دیہات میں 150نئے گراؤنڈز مکمل ہوچکے ہیں جبکہ رواں مالی برس 350مزیدنئے گراؤنڈز مکمل ہوجائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ 40تحصیلوں میں سپورٹس کمپلیکس بن رہے ہیں جبکہ 14تحصیلوں میں سپورٹس کمپلیکس مکمل ہوچکے ہیں۔پنجاب میں 100جم بھی بنائے جائیں گے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار نشتر پارک میں ہاکی کا ہائی پرفارمنس سینٹر بن رہاہے۔30،30برس تک زیرالتواء سکواش کمپلیکس اورٹیبل ٹینس ایرینا کے منصوبوں پر کام شروع ہوچکا ہے۔ باکسنگ کلب اورشوٹنگ گیلری پر بھی کام جاری ہے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ پنجاب میں ہاکی، فٹبال،کبڈی اوردیگر کھیلوں کی لیگ کا انعقاد کیا جائے گا۔ سردارعثمان بزدار نے لاہور میں ہارس اینڈ کیٹل شو کے لئے بہترین انتظامات کی ہدایت کی ہے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ ہارس اینڈ کیٹل شو کا کئی برس بعد انعقاد کیا جا رہا ہے لہٰذا لاہور کے اس روایتی شو کیلئے خوب سے خوب تر انتظامات یقینی بنائے جائیں اور ہارس اینڈ کیٹل شوکے ذریعے پاکستان کی ثقافت کے دلفریب رنگوں کو بہترین انداز میں اجاگر کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ہارس اینڈ کیٹل شو کے ذریعے عوام کو تفریح کا شاندار موقع ملے گا اور ہارس اینڈ کیٹل شوقومی یکجہتی اوربھائی چارے کو فروغ دینے میں معاون ثابت ہوگا۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ حکومت نہ صرف میلہ مویشیاں کی تجدید کر رہی ہے بلکہ پنجاب بھر میں کھیلوں کے میدان بھی آباد کئے ہیں۔
عثمان بزدار

لاہور(این این آئی) گورنر ہاؤس لاہور میں چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی، ڈپٹی چیئرمین سینیٹ مرزا محمد آفریدی،گورنر پنجاب چوہدری محمدسرور اوروزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کے درمیان ملاقات ہوئی جس میں موجودہ سیاسی صورتحال کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ذرائع کے مطابق رہنماؤں کا کہنا تھاکہ تحریک انصاف کے تمام اراکین اسمبلی اوراتحادی ڈٹ کر وزیر اعظم عمران خان کے ساتھ کھڑے ہیں۔ ذرائع کے مطابق ملاقات میں پیپلز پارٹی کے لانگ مارچ کے حوالے سے بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے ڈپٹی چیئرمین سینیٹ مرزامحمد آفریدی اور سینیٹر عبد القادر کے ہمراہ وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے بھی ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور اور سیاسی صورتحال کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کے صوبے کے تمام اضلاع کی مساوی ترقی کے لئے وژن کو سراہتے ہوئے پنجاب حکومت کے تعاون سے بلوچستا ن میں جاری منصوبوں پر ان کا شکریہ ادا کیا۔چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی ڈپٹی چیئرمین سینیٹ مرزا محمد آفریدی کی رہائشگاہ پر بھی گئے اور وہاں کچھ وقت گزارنے کے بعد واپس روانہ ہو گئے۔
ملاقات

مزید :

صفحہ اول -