مسروقہ موبائل فونز افغانستان سمگل کرنے والا گینگ گرفتار، قیمتی موبائل فونز برآمد
پشاور(کرائم رپورٹر) ایس ایچ او تھانہ تاتارا نے مسروقہ قیمتی موبائل فونز ہمسایہ ملک افغانستان سمگل کرنے والے گروہ کا سراغ لگا کر تین ملزمان کو گرفتار کر لیا، تینوں ملزمان کا تعلق افغانستان سے ہے جو مسروقہ موبائل فونز افغانستان سمگل کرنے میں ملوث ہیں، دیگر افراد کے ساتھ ساتھ حیات آباد میں گھروں اور مختلف تجارتی مراکز پر دکانوں سے چوریاں کرنے والے ہیروئنچیوں سے بھی مسروقہ قیمتی موبائل فونز اونے پونے داموں خریدتے تھے، تینوں ملزمان نے ابتدائی تفتیش کے دوران مسروقہ قیمتی موبائل فونز ہمسایہ ملک افغانستان سمگل کرنے کا اعتراف کرتے ہوئے اس سے قبل ایک کھیپ سمگل کرنے کا بھی انکشاف کیا ہے جن کے قبضہ سے ابتدائی طور پر چھ عدد قیمتی موبائل فونز، دو عدد موٹر سائیکل بھی برآمد کر لئے گئے ہیں تفصیلات کے مطابق ایس ایچ او تھانہ تاتارا عمران خان نے مسروقہ قیمتی موبائل فونز کا بزنس کرنے والے گروہ کا سراغ لگا کر تین ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے، گرفتار تینوں ملزمان ہمسایہ ملک افغانستان کے رہائشی ہیں جنہوں نے مذموم مقاصد کی خاطر شاہ کس میں کرائے پر جگہ حاصل کی تھی، گرفتار ملزمان میں رستم ولد امین اللہ، اش خیل ولد زر خان اور عزیز ولد نیک محمد شامل ہیں جو پشاور سمیت ملک کے دیگر شہروں سے مسروقہ موبائل فونز خریدنے کے ساتھ ساتھ حیات آباد میں گھروں سے قیمتی موبائل فونز چوری کرنے والے ہیروئنچیوں سے اونے پونے داموں حاصل کر کے افغانستان سمگل کرتے تھے، ملزمان کے مطابق عنقریب مسروقہ موبائل فونز کی ایک پوری کھیپ افغانستان سمگل کرنے کی تیاری کی جارہی تھی جن سے ابتدائی طور پر چھ عدد قیمتی موبائل فونز برآمد کر لئے گئے ہیں،