سانحہ کوچہ رسالدار مسجد،وحشیانہ اقدام ہے،علامہ اقبال رضوی
پشاور(سٹی رپورٹر)مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل علامہ احمد اقبال رضوی نے سانحہ پشاور کے شہدا کے خانوادوں سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان دہشت گردوں کو پہلے پالا گیا جو آج بے قابو ہوکر مساجد پر حملہ آور ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے دورہ پشاور کے دوران سانحہ کوچہ رسالدار کے زخمیوں کی عیادت اور شہدا کے لواحقین کے ساتھ تعزیت کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر وزیر زراعت گلگت بلتستان میثم کاظم, ایم ڈبلیو ایم کے مرکزی رہنما علامہ مقصود علی ڈومکی, علامہ اقبال بہشتی, ملک اقرار حسین, ارشاد حسین بنگش اور دیگر موجود تھے۔ علامہ احمد اقبال رضوی کا مزید کہنا تھا کہ حکومتی نااہلی کا اس سے بڑا ثبوت کیا ہو سکتا ہے کہ صوبائی درالخلافہ میں اس طرح مزموم مقاصد رکھنے والے لوگ اتنی آسانی کیساتھ دہشتگردی کردیں۔ حکمران سیاست سیاست کھیلنے اور اقتدار بچانے کی بجائے عوام کے جان و مال کے تحفظ پر توجہ دیں۔ یہ سانحہ ناقابل برداشت ہے, اگر حکومت نے اب بھی دہشتگردوں اور ان کے سہولت کاروں کے حوالے سے کوئی نرم گوشہ رکھا تو مکتب اہلبیت کے ماننے والوں کا ردعمل شدید ہوگا۔