اللہ اکبر تحریک ملک میں قرآن پاک  کی بالادستی کیلئے کوشا ں،شیر زادہ

  اللہ اکبر تحریک ملک میں قرآن پاک  کی بالادستی کیلئے کوشا ں،شیر زادہ

  

کبل سوات(تحصیل رپورٹر)اللہ اکبرتحریک پاکستان ضلع سوات کے ذمہ داران کی کبل پریس کلب میں پریس کانفرنس۔ذمہ داران کے خطاب۔پریس کانفرنس میں خادم سوات شیرزادہ، جنرل سیکرٹری سوات حاجی ہاشمی، جائنٹ سیکرٹری نوید احمد،تحصیل بریکوٹ نامزد چئیرمین مفتی حبیب الرحمن شاہین، عثمان،احمد حسین، تحصیل کبل صدر عالمگیر اور سوشل میڈیا انچارج محمد بلال نے شرکت کی۔خطاب کے دوران انہوں نے کہا کہ پریس کانفرنس کا مطلب پارٹی کا منشور اپنی عوام کے سامنے لانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی کا منشورملکی سیاست کو مفادات، کرپشن، لوٹ مار اور ذاتی مفادات سے پاک کرکے اسلام کے سنہرے اصولوں، عدل و انصاف اور خدمت انسانیت کی راہ پر گامزن کرنا ہے۔انہوں نے مزید تفصیل دیتے ہوئے کہاکہ اللہ اکبر تحریک ملک میں قرآن کی بالادستی، صوم و صلوٰۃ کی پابندی، کشمیر کی آزادی اور آبی وسائل کی دستیابی، حقوق نسواں کی ادائیگی، کسان اور مزدور کی خوشحالی، صحت وصفائی کی بہتری، نسل نو کی زیور تعلیم سے آراستگی، معاشرتی و معاشی آسودگی، داخلی و خارجی خودمختاری، مضبوط اقتصادی و تجارتی پالیسی، دہشتگردی، انتہاپسندی اور فرقہ واریت کی بیخ کنی، اقلیتوں کی مذہبی اور شخصی آزادی، بیرونی قرضوں اور موروثی سیاست سے خلاصی، بلاسود بنکاری، بے گھرافراد کی آبادکاری، صوبوں کی ہم آہنگی، طلبہ اور نوجوانوں کی کامیابی و کامرانی اور خدمت خلق اور ایثار و وفا کے جذبوں سے وطن کی آبیاری کیلئے تگ و دو کرتی ہے۔ہمارا مقصد ظاہری چکاچوند نہیں بلکہ ملک و قوم کی خدمت کرنا ہے۔ہر گلی، ہر کوچہ اور ہر گاؤں میں ہمارے کارکن اور ہمارے ووٹر موجود ہیں۔ہمارے تمام امیدوار پرعزم اور پرامیدہیں۔اس کے علاوہ ہمارے تمام کارکنان اور امیدواران اپنے کام پر مطمئن ہیں۔انہوں نے کہاکہ پاکستان جس مقصد کیلئے بناہے وہ مقصد تاحال حاصل نہیں ہوسکا۔ اس عظیم مقصد کیلئے اللہ اکبر تحریک میدان میں اتری ہے تاکہ وہ عظیم مقصد حاصل کرکے ملک و قوم کی ترقی کیلئے اپنے حصے کا کام کرسکیں۔ہم ملک کی ترقی، امن وامان کی بحالی اور عوام کو ان کے بنیادی حقوق کی ادائیگی کیلئے سیاست میں اترے ہیں۔ہم چہرے نہیں بلکہ نظام بدلنے نکلے ہیں۔انہوں نے آخر میں عوام الناس سے مطالبہ کیا کہ ملک کی سلامتی اور بقاء کیلئے ہماراساتھ دیں۔

مزید :

پشاورصفحہ آخر -