اوورسیز ہمارے ہیروز اور معیشت کے ڈرائیورز ہیں:مشتاق احمد

اوورسیز ہمارے ہیروز اور معیشت کے ڈرائیورز ہیں:مشتاق احمد

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


      پشاور(سٹی رپورٹر)امیر جماعت اسلامی خیبرپختونخوا سینیٹر مشتاق احمد خان نے کہا ہے کہ ٹیکس ایمنسٹی سکیم کے تحت چور اور لیٹروں کو کالادھن سفید کرنے کی اجازت دی جارہی ہے، ڈاکوں کو سہولت دینے کی مذمت کرتے ہیں۔ اوور سیز پاکستانی ہمارے ہیروز اور ہماری معیشت کے ڈرائیورز ہیں۔ اس وقت اوور سیز پاکستانی شدید تکلیف میں ہیں۔ حکومت نے ان کو بالخصوص سعودی عرب میں بے یار و مددگار چھوڑ دیا ہے۔ گرفتاریوں، چھاپوں اور سفری دستاویزات کو قبضے میں رکھنے جیسے واقعات سے اوورز سیز خصوصا خیبرپختونخوا سے تعلق رکھنے والے شدید پریشان ہیں۔ حکومت اوورسیز پاکستانیوں کی مشکلات کا حل نکالے۔ اسرائیل کے ساتھ لانگ ٹرم اتحاد کے سعودی عرب کے بیان کی مذمت کرتے ہیں۔ قبلہ اول پر قابض اسرائیل کبھی بھی مسلمانوں کا دوست نہیں ہوسکتا۔ پاکستان کی عدالتوں میں انصاف نہیں ملتا۔ یہاں ڈاکٹر عبدالقدیر خان جیسے شخص کو انصاف نہیں مل سکا تو دوسرے کیا توقع رکھیں۔ بظاہر واویلا کرنے والی پیلپزپارٹی اور مسلم لیگ ن حکومت کی سہولت کار بن چکی ہیں۔ حکومت نے نوجوانوں کو دھوکہ دیا۔ ان کے لئے تعلیم، نوکریوں اور کھیل کے میدانوں کے اعلانات کئے لیکن ہزاروں نوجوانوں کو بے روزگار کردیا۔ جے آئی یوتھ کے نوجوان اقبال کے شاہین اور پاکستان کا فخر ہیں۔ سیاسی غلامی کے خلاف نوجوانوں کو منظم کرنا جے آئی یوتھ کی ذمہ داری ہے۔ بلدیاتی انتخابات میں سعید باچا اور جماعت اسلامی کے امیدواروں کی کامیابی یقینی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے تحصیل ثمرباغ نوکوٹو، یو سی کامبٹ، صدبر کلے اور معیار میں ورکرز اور یوتھ کنونشنز اور شمولیتی جلسوں سے خطاب کے دوران کیا۔ اس موقع پر جماعت اسلامی ضلع دیر پائین کے امیر اعزازالملک افکاری، نائب امیر ضلع رفیع اللہ جان، امیدوار برائے چیئرمین تحصیل ثمرباغ سعید احمد باچا اور تحصیل ثمرباغ کے امیر ضیا الدین سکیت مقامی ذمہ داران نے بھی خطاب کیا۔ اس موقع پر سینکڑوں افراد نے اپنے خاندان اور ساتھیوں سمیت مختلف سیاسی جماعتوں سے مستعفی ہوکر جماعت اسلامی میں شمولیت کا اعلان کیا۔ نوکوٹو میں الحاج حیات خان نے خاندان کے افراد اور ساتھیوں سمیت تحریک انصاف کو چھوڑ کر جماعت اسلامی میں شمولیت اختیار کی۔  سینیٹر مشتاق احمد خان نے کہا کہ موجودہ حکومت نااہل ہے۔ پی ٹی آئی کی نااہل قیادت نے غریب عوام کا جینا محال کردیا ہے، مہنگائی نے غریب عوام کی کمر توڑ کررکھ دی ہے جبکہ وزیر اعظم ایمنسٹی سکیم کے تحت چوروں اور لیٹروں کو تحفظ دیکر ان کا کالا دھن سفید بنانے میں لگے ہوئے ہیں۔ سینیٹر مشتاق احمد خان نے کہا کہ کرپشن اور مہنگائی کے خاتمے کی دعویدار حکومت کا مہنگائی اور کرپشن میں گراف آئے روز اوپر جارہا ہے، روپے کی قدر آئے روز کم ہورہی ہے، قومی پارسپورٹ کی توقیر ختم ہوچکی ہے، عوام کو انصاف مل رہا ہے نہ ہی بنیادی ضروریات میسر ہیں۔ انھوں نے کہا کہ بظاہر واویلا کرنے والی پیپلزپارٹی اور مسلم لیگ ن درحقیقت حکومت کی سہولت کار بن چکی ہیں، عوام ان کا اصل چہرہ دیکھ چکے ہیں، سینیٹرمشتاق احمد خان نے عوام سے اپیل کی کہ بلدیاتی الیکشن میں جماعت اسلامی کو ووٹ دیں کیونکہ جماعت اسلامی ہی ان کے حقوق کی واحد محافظ اور ترجمان جماعت ہے۔