وزیراعظم کا دورہ میلسی‘ جلسہ عام کیلئے پنڈال تیار‘ سکیورٹی الرٹ 

  وزیراعظم کا دورہ میلسی‘ جلسہ عام کیلئے پنڈال تیار‘ سکیورٹی الرٹ 

  

ملتان،وہاڑی، جہانیاں، میلسی، ٹبہ سلطان پور (وقائع نگار، نمائندگان)وزیراعظم عمران خان کے آج میلسی میں ہونیوالے جلسہ کے سلسلے میں وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار گزشتہ روزخصوصی طیارے کے ذریعے  ملتان پہنچ گئے جلسہ کے انتظامات مکمل اورٹریفک پلان جاری کردیاگیاہے تفصیل کے مطابق گزشتہ روزوزیر اعلی پنجاب سردار عثمان خان بزدار خصوصی طیارے کے ذریعے  ملتان پہنچے اور اس کے بعد گھر کو روانہ ہو گئے.ڈپٹی کمشنر ملتان عامر کریم خان  سمیت دیگر افسران بھی خصوصی طیارے میں وزیر اعلی پنجاب کے ہمراہ تھے،  وزیراعلی پنجاب کے برادر نسبتی دوست محمد بزدار نے ان کا ایئر پورٹ پر استقبال کیا، اس موقع پر سیکورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے، ایئر پورٹ سے وزیر اعلی کے گھر تک ضلع پولیس اور ٹریفک پولیس نے ڈیوٹی سر انجام دی، وزیر اعلی پنجاب  رات ملتان میں قیام کے بعد آج میلسی میں وزیر اعظم کے جلسے میں شرکت کریں گے۔ٹریفک پولیس پٹرولنگ پولیس تھانہ جہانیاں ٹھٹھہ صادق آباد کی طرف سے پل 14جہانیاں، چوک میتلا سمیت مختلف مقامات پر ناکہ بندی کرکے متعد د گاڑیاں تھانوں میں بند کردی گئیں گاڑیوں کی پکڑ دھکڑ کے باعث مسافر خوارہوتے رہے وزیراعظم کے جلسہ کے سلسلے میں کنٹینر رکھ کر پنڈال میں بڑا سٹیج تیار کیا گیا ہے جبکہ شرکا کے بیٹھنے کے لیے 50ہزار کرسیاں لگائی گئی ہیں جزوی طور پر کچھ دیر کے لیے میلسی شہر میں موبائل فون اور انٹرنیٹ سروس معطل کرنے پر بھی غور کیا جارہا ہے۔وزیراعظم عمران خان خصوصی طیارے کے ذریعے ٹھینگی ائیربیس آئیں گے جہاں سے ہیلی کاپٹر کے ذریعے میلسی کے علاقہ فداٹاون میں رکن قومی اسمبلی اورنگزیب خان کھچی اور صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ جہازیب خان کھچی کی رہائش گاہ جائیں گے جہاں پر مختلف علاقوں کے اراکین قومی و صوبائی اسمبلی سے ملاقاتیں بھی کریں گے۔وزیراعظم عمران خان کے میلسی میں جلسہ کے سلسلہ میں ٹریفک پولیس کی جانب سے آج کے لیے ٹریفک پلان جاری کردیا گیا ہے جس کے مطابق میراں پور، ہیڈ سائفین،آڈا کرم پور سے میلسی کی طرف آنے والی عام ٹریفک کا داخلہ بند ہوگا سوروموڑ،پیرمراد اور ٹبہ سلطان پور سے میلسی طرف روڈ پر ہیوی ٹریفک بند ہوگی لودھراں سے چوک میتلا، ہیڈ سائفین سے حاصل روڈ روڈ استعمال کیا جائے  پیرمراد سے وہاڑی، آڈا کرم پور سے پپرمراد روڈ ٹریفک کے لیے کھلا رہے گا۔پی ٹی آئی کے کارکنوں اورتاجروں کی جانب سے آج وزیراعظم کی آمدکے سلسلے میں ریلی نکالی گئی اور صوبائی وزیر جہاں زیب خان کھچی پرتاجروں کی جانب سے جگہ جگہ گل پاشی کی گئی جہاں زیب خان کھچی پیدل چلتے رہے۔

میلسی جلسہ

مزید :

صفحہ اول -