داعش خراسان کے بانی رکن نے طالبان کے سامنے ہتھیار ڈال دیئے
کابل،ننگرہار (نیوز ایجنسیاں) افغانستان کے وزیر داخلہ اور حقانی نیٹ ورک کے سربراہ سراج الدین حقانی پہلی بار منظر عام پر آ گئے دوسر ی جانب داعش خراسان کے بانی رکن نے طالبان کے سامنے ہتھیار ڈال دئیے۔میڈیا رپورٹ کے مطابق سراج الدین حقانی کی آج سے پہلے کئی برسوں سے صرف ایک ہی تصویر سوشل میڈیا پر زیر گردش تھی جس میں بھی ان کا چہرہ واضح طور پر نظر نہیں آ رہا تھا۔تاہم اب امارت اسلامی افغانستان کے ڈپٹی وزیراعظم ملا عبدالغنی برادر کے پرسنل سیکرٹری عبداللہ عظام کی جانب سے سوشل میڈیا پر افغان وزیر داخلہ سراج الدین حقانی کی واضح تصاویر شیئر کی گئی ہیں۔دریں اثناء افغانستان میں طالبان کی عبوری حکومت کے سامنے دہشت گرد گروپ داعش خراسان کے بانی اراکین میں سے ایک شیخ عبدالرحیم مسلم دوست نے ہتھیار ڈال دیے۔یہ پیشرفت افغانستان کے صوبہ ننگرہار میں ہونے والے ایک اجلاس کے دوران سامنے آئی جس میں سکیورٹی افسران اور طالبان کے مقامی حکام نے شرکت کی۔معروف سابق طالبان رہنما اور داعش خراسان کے علاقائی سربراہ شیخ عبدالرحیم مسلم دوست نے مشرقی صوبہ ننگرہار کے دارالحکومت میں طالبان حکام کے سامنے ہتھیار ڈالے۔
داعش خراسان