ممکنہ تحریک عدم اعتماد کی کامیابی ملک کو بدعنوان عناصر کے ہاتھوں یرغمال بنانے کے مترداف ہے، سردار تنویر الیاس

ممکنہ تحریک عدم اعتماد کی کامیابی ملک کو بدعنوان عناصر کے ہاتھوں یرغمال ...
ممکنہ تحریک عدم اعتماد کی کامیابی ملک کو بدعنوان عناصر کے ہاتھوں یرغمال بنانے کے مترداف ہے، سردار تنویر الیاس

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

مظفر آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن) آزادکشمیر کے  سینئر وزیر  سردار تنویر الیاس خان نے کہا ہے کہ عمران خان کے خلاف کسی بھی ممکنہ تحریک عدم اعتماد کی کامیابی ملک کو بدعنوان سیاسی عناصر کے ہاتھوں یرغمال بنانے کے مترداف ہے ۔ عمران خان جدید اور روشن خیالات کے حامل عالمی سطح کی شخصیت ہیں جو پاکستان کو ریاست مدینہ بنانے کا عزم لے کر نکلے ہیں اور وہ بین الاقوامی برادری کے ساتھ چلنے کی استعداد رکھتے ہیں۔ پاکستانی عوام پوری قوت کے ساتھ ان کے ساتھ کھڑے ہیں،عمران خان ہی ملک اور قوم کو درپیش چیلنجز سے باہر نکال سکتے ہیں۔ پیپلزپارٹی کے لانگ مارچ کی طرح  اپوزیشن جماعتوں کے عدم اعتماد کا ڈھونگ بھی بری طرح فلاپ ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پارٹی کارکنوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔

سردار تنویر الیاس خان نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف اپنے قائد عمران خان کی قیادت میں آزاد کشمیر میں برادری  ازم کی سیاست کے بجائے فعال تعلیم یافتہ نوجوان قیادت کو متعارف کر وا رہی ہے  جو آزاد کشمیر کا امیج دنیا بھر میں بہتر کرے گی اور بھارتی تسلط سے آزادی کے لئے اقوام عالم کو اپنے موقف سے آگاہ کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کی آزادی کے لئے بھرپو ر منظم و موثر جدوجہد، خطے میں تعمیر و ترقی و خوشحالی کے ساتھ ساتھ قانون و انصاف اور میرٹ کی بحالی پی ٹی آئی کی  اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام اپنی حقیقی اور نظریاتی منزل پاکستان کی ترقی و خوشحالی، استحکام اور تکمیل پاکستان کیلیے اور پاکستان کو قائد اعظم اور علامہ اقبال کے خوابوں کی تعبیر بنانے کے لیے  عمران خان کی قیادت پر غیر متزلزل اعتماد کا اظہار کرتے ہیں ۔

تنویر الیاس کاکہنا تھا کہ قدرت نے کشمیریوں کے دلوں کی طرح کشمیر سے بہنے والے دریاوّں کا رخ بھی پاکستان کی طرف موڑ دیا ہے جس میں شہدا کا مقدس خون شامل ہے اور  پاکستان کی سرزمین کو سیراب کر کے پیغام دے رہا ہے  کہ کشمیری استحکام پاکستان و بقائے پاکستان کے لیے کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے.