طالبان حملوں کیخلاف پورے امریکہ میں ایم کیو ایم کے احتجاجی مظاہرے
واشنگٹن (اظہر زمان، بیورو چیف) ایم کیو ایم امریکہ کے اعلان کے مطابق ہفتے کے روز پورے ملک کے بڑے بڑے شہروں میں پاکستان کی روشن خیال جماعتوں کو انتخابی مہم سے باز رکھنے کے خلاف احتجاجی مظاہرے ہوئے واشنگٹن ڈی سی میں وائٹ ہاﺅس کے سامنے ایک بہت بڑا مظاہرہ ہوا جس میں مظاہرین نے ہاتھوں میں پاکستان اور ایم کیو ایم کے پرچم اٹھا رکھے تھے جو مسلسل ایم کیو ایم پر طالبان کے دہشت گرد حملوں اور اعتدال پسند جماعتوں کو ان کے جمہوری اور آئینی حق سے محروم کرنے کے خلاف نعرے لگا رہے تھے۔ پروگرام کے مطابق واشنگٹن ڈی سی کے علاوہ امریکہ کے دوسرے بڑے شہروں میں بھی ہفتے کے روز احتجاجی مظاہرے ہونے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں جن دوسرے شہروں میں یہ مظاہرے ہوئے ان میں نیویارک، شکاگو، ہیوسٹن، اٹلانٹا، سان فرانسسکو، لاس اینجلس ، فورٹ لانڈر ڈیل اور ہوائی شامل ہیں۔ وائٹ ہاﺅس کے سامنے مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے ایم کیو ایم نارتھ امریکہ کے نگران عبادالرحمان نے کہا کہ طالبان کے ذریعے پاکستان میں حقیقی جمہوری قوتوں کا راستہ رک کر دراصل پاکستان کو انتہا پسندوں اور دہشت گرد ٹولے کے حوالے کیاجارہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی لبرل اور پروگریسو جماعتوں کو نشانہ بنا کر پاکستان کو جہالت، تاریکی اور تباہی کے راستے پر دھکیلا جارہا ہے۔