رحمان ملک ایک مرتبہ پھر متحرک ہوگئے ، شریف برادران پر منی لانڈرنگ کے الزامات ثابت نہ کرسکاتو سیاست چھوڑ دوں گا ،مناظرے کا چیلنج
لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک) سابق وفاقی وزیرداخلہ رحمان ملک ایک مرتبہ پھر شریف برادران کیخلاف متحرک ہوگئے ہیں اور دعویٰ کیاہے کہ مسلم لیگ ن نے منی لانڈرنگ کا پیسہ سعودی عرب میں منتقل کیا اور لندن میں بھی پراپرٹی بنائی گئی ۔اُنہوں نے کہاکہ اسحا ق ڈار نے منی لانڈرنگ کا اعتراف کرلیا جن کی لکھی تحریر آج پیش کررہاہوں ، شریف برادران کو مناظرے کا چیلنج کرتاہوں ،پنجاب حکومت سٹئے پر چلتی رہی، شریف برادران مجھے جھوٹا کہنے کی بجائے ، عدالت جائیں جہاں ثابت کروں گاکہ جو کہا سچ تھا۔اُن کاکہناتھاکہ حدیبیہ پیپر ملز اور چوہدری شوگر ملزم کیخلا ف بھی شواہد پیش کریں گے ۔پریس کانفرنس سے گفتگو میں پیپلزپارٹی کے رہنماءاور سابق وفاقی وزیرداخلہ رحمان ملک نے کہاکہ وہ شریف برادران کیخلاف ملک سے باہر پیسے منتقل کرنے کے شواہد پیش کررہے ہیں ، اُن سے کوئی ذاتی دشمنی نہیں ، شکایات الیکشن کمیشن اور میڈیا کے سامنے رکھنامقصود ہے ، ثبوت بھی سپریم کورٹ اور الیکشن کمیشن کو بھیج رہاہوں ، الزامات ثابت نہ کرسکا تو سیاست چھوڑ دوں گا۔ رحمان ملک کاکہناتھاکہ منی لانڈرنگ میں کئی بڑے بڑے نام سامنے آئیں گے ، سپریم کورٹ میں شواہد بھیجنے کے ساتھ درخواست کی ہے کہ عدالت معاملے کا ازخود نوٹس لے اور شریف برادران کیخلاف منی لانڈرنگ کیس کا ٹرائل کرے ،ہم روزپٹیشنوں کی جواب دیتے تھے ، قوم فیصلہ کرلے کہ شریف برادران جھوٹے ہیں یا رحمان ملک؟پہلے آئی جے آئی پیسوں اور آج دہشت کے زور پر بنی ہے ۔ مختلف عدالتوںمیں پیش کی گئیں دستاویزات کاحوالہ دیتے ہوئے رحمان ملک نے کہاکہ لیگی رہنماءاسحاق ڈار قاضی مسعود فیملی کو لندن سے لائے جن کی نواز شریف سے دوستی ہوئی ، اسحاق ڈار نے قاضی فیملی کی مرضی کے بغیراُن کے نام پر اکاﺅنٹس کھلوائے اور رقم کی ٹرانزکشن کی اور پھر 1998ءمیں قاضی کے اکاﺅنٹ سے حدیبیہ پیپر ملزکے اکاﺅنٹس میں رقم منتقل کردی گئی ، اسحاق ڈار خود اعتراف کرچکے ہیں جبکہ مسعود فیملی نے بھی نواز شریف سے گلہ کیا جبکہ رحمان ملک بھی قاضی فیملی کا معلوم ہونے کے بعد نواز شریف سے شکایت کرچکے ہیں ۔پیپلزپارٹی کے رہنماءنے شریف برادران کو مناظرے کا چیلنج کرتے ہوئے کہاکہ نیشنل بنک کے پیسوں سے منی لانڈرنگ کی گئی ، 2.97، 2.6اور 1.3ملین ڈالرز کی منی لانڈرنگ ہوئی اور یہ رقم شریف برادران کے قرضوں کی ادائیگی کیلئے استعمال کی گئی ۔ رحمان ملک نے کہاکہ شریف برادران کیخلاف اُن کے پاس موجود ثبوتوں سے دو سوٹ کیس بھرے ہوئے ہیں ، پی پی جب کوئی حقیقت عوام کو بتاناچاہتی ہے تو اُس کا گلا گھونٹ دیاجاتاہے ،کانفرنس رکوانے کی کوشش کی گئی ،وہ نواز شریف کو مناظرے کا چیلنج کرتے ہیں ،بھاگیں گے نہیں ، دشمنوں کے سینوں پر بیٹھے رہیں گے ۔ اُن کاکہناتھاکہ جیل بھجوانے کی دھمکیاں دی گئیں ، جیل بھجوایاگیاتو وہاں سے بھی بولوں گا۔