بیلٹ پیپرز کی تیاری اور ترسیل فوج کی نگرانی میں ہو رہی ہے، چوری کا کوئی امکان نہیں: سیکرٹری الیکشن کمیشن

بیلٹ پیپرز کی تیاری اور ترسیل فوج کی نگرانی میں ہو رہی ہے، چوری کا کوئی امکان ...
بیلٹ پیپرز کی تیاری اور ترسیل فوج کی نگرانی میں ہو رہی ہے، چوری کا کوئی امکان نہیں: سیکرٹری الیکشن کمیشن

  

اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) الیکشن کمیشن نے الیٹرانک پرچی کا باضابطہ آغاز کر دیا ہے، الیکشن کمیشن کے سیکرٹری اشتیاق احمد کا کہنا ہے کہ الیکشن کمیشن میں کوئی اختلاف نہیں ، تمام فیصلے متفقہ ہو رہے ہیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق الیکشن کمیشن کے ممبر ریاض کیانی اور فضل الرحمان نے ای پرچی کا افتتاح کیا۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سیکرٹری الیکشن کمیشن اشتیاق احمد نے کہا کہ بیلٹ پیپرز کی تیاری اور ترسیل فوج کی نگرانی میں ہو رہی ہے، چوری کا کوئی امکان نہیں ۔ انہوں نے کہا کہ جعلی بیلٹ پیپرز کے معاملے میں ذمے داروں کے خلاف سخت کارروائی کا حکم دے دیا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ پولنگ سٹیشن کے 400 گز کے اندر کیمپ لگانا منع ہے، ووٹرز کے کوائف الیکشن کمیشن فراہم کرے گا، انتخابی ڈیوٹی کیلئے 7 لاکھ 20 ہزار پولنگ سٹاف کو تربیت فراہم کی گئی ہے۔ اشتیاق احمد نے کہا کہ سیاسی جماعتیں آئین کے اندر رہتے ہوئے اپنی رائے کا اظہار کریں۔ الیکشن کمیشن کے ممبر ریاض کیانی نے کہا کہ انتخابات کے خونی ہونے کا تاثر درست نہیں اور یہ کہنا مناسب نہیں کہ انتخابات ملتوی ہوں گے، انتخابات سے متعلق لوگوں کی حوصلہ افزائی کی جانی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ فوج حساس اور حساس ترین پولنگ سٹیشنز پر موجود ہو گی۔ فضل الرحمان نے کہا کہ بلوچستان میں تمام عملہ پولنگ ڈیوٹی پر راضی ہو گیا ہے۔

مزید : اسلام آباد /اہم خبریں