نیشنل پارٹی کے صدر ڈاکٹر عبدالمالک کی گاڑی پر دستی بم حملہ، دو افراد زخمی
تربت (مانیٹرنگ ڈیسک) نامعلوم افراد نے نیشنل پارٹی کے صدر ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ کی گاڑی پر دستی بم سے حملہ کر دیا جس کے نتیجے میں دو افراد زخمی ہوگئے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ڈاکٹر عبدالمالک انتخابی مہم کے سلسلے میں تربت میں موجود تھے اور اپنے ساتھیوں کے ساتھ پمفلٹس تقسیم کر رہے تھے کہ نامعلوم افراد ان کے قریب دستی بم پھینک کر فرار ہو گئے۔ دھماکے کے نتیجے میں دو افراد زخمی ہو گئے تاہم ڈاکٹر عبدالمالک اور ان کے ساتھی حملے میں محفوظ رہے۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی قانون نافذ کرنے والے ادارے موقع پر پہنچ گئے اور علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔