پی سی بی کا غیر منظور ٹورنامنٹس میں کھلاڑیوں کی شرکت پر پابندی لگانے کا فیصلہ

پی سی بی کا غیر منظور ٹورنامنٹس میں کھلاڑیوں کی شرکت پر پابندی لگانے کا فیصلہ ...

  

                          لاہور(آئی اےن پی)پاکستان کرکٹ بورڈ نے سنٹرل کنٹریکٹ حاصل کرنے والے کھلاڑیوں پر مستقبل میں بیرون ملک غیر منظور شدہ ٹورنامنٹس میں شرکت پر پابندی کا فیصلہ کرلیا۔پی سی بی کے ذرائع کے مطابق پاکستانی کھلاڑی ایسے کسی ٹورنامنٹ میں شرکت نہیں کرسکیں گے جو مقامی ایسوسی ایشن سے منظورہ شدہ نہیں ہوں گے۔ ان خدشات کو بھی تقویت مل رہی ہے کہ غیر منظورہ شدہ ٹورنامنٹ کھیل کر کھلاڑی میچ فکسنگ اور اسپاٹ فکسنگ میں ملوث ہوسکتے ہیں۔ آئی سی سی غیر منظورہ شدہ ایونٹ کے بارے میں سخت گیر موقف رکھتی ہے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ نے امریکہ میں دانش کنیریا کے ساتھ میچ کھیلنے والے تین کھلاڑیوں کے خلاف تحقیقات کا دائرہ وسیع کرتے ہوئے انہیںلاہور میں سماعت کے لئے طلب کر لیا ہے۔ ٹیسٹ کرکٹرز فواد عالم، وہاب ریاض اور ناصر جمشید کو اسپاٹ فکسنگ میں تاحیات پابندی کا سامنا کرنے والے دانش کنیریا کے ساتھ امریکی شہر ہیوسٹن میں فرینڈ شپ میچ کھیلنے کے الزام میں انضباطی کارروائی کا سامنا ہے۔ پی سی بی نے جو کمیٹی تشکیل دی ہے اس میں ڈائریکٹر انتخاب عالم، منیجر انٹرنیشنل کرکٹ عثمان واہلہ اور سیکیورٹی اینڈ اینٹی کر پشن آفیسر کرنل(ر)اعظم بھی شامل ہیں۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کے ڈائریکٹر مارکیٹنگ بدر رفاعی کو بھی کمیٹی کے سامنے پیش ہونا ہے۔ ذرائع کے مطابق کمیٹی اپنی تحقیقات مکمل کر کے اپنی تحریری رپورٹ چیئرمین نجم سیٹھی کو پیش کرے گی۔    

مزید :

کھیل اور کھلاڑی -