اسلامی یونیورسٹی میں اسلامک مائیکرو فنانس پر دو روزہ ورکشاپ آج ہو گی

اسلامی یونیورسٹی میں اسلامک مائیکرو فنانس پر دو روزہ ورکشاپ آج ہو گی

  

 اسلام آباد(آن لائن ) بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی اسلام آباد کے بین الاقوامی ادارہ برئے اسلامک اکنامکس آج منگل سے اسلامک مائیکرو فنانسنگ کے کاروباری ماڈلز پر بین الاقوامی ورکشاپ کا انعقاد کرے گا جبکہ ادارہ کے زیر اہتمام اسلامک اکنامکس فنانس ریسرچ سیمپوزیم کا انعقاد 8 مئی کو کیا جائے گا جس میں پاکستان کے علاوہ دنیا کے کئی ممالک سے معروف ماہرین معاشیات شرکت کریں گے۔ تفصیلات کے مطابق جامعہ کا بین الاقوامی ادارہ برائے اسلامک اکنامکس ان سرگرمیوں کا انعقاد جدہ کے بین الاقوامی ادارہ برائے اسلامی تحقیق و تربیت کے تعاون سے کر رہا ہے۔ اس حوالے سے دو روزہ عالمی ورکشاپ آج منگل کو یونیورسٹی کے فیصل مسجد کیمپس میں شروع ہو گی۔

 جس کی افتتاحی تقریب سے جامعہ کے صدر ڈاکٹر احمد یوسف الدریویش خطاب کریں گے

 جبکہ ورکشاپ کی پہلی نشست کی صدارت رفاہ یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر انیس احمد کریں گے جس میں ڈائریکٹر جنرل شریعہ اکیڈمی ، ڈاکٹر طاہر منصوری، برونائی کی سلطان شریف علی یونیورسٹی کے روز عبداللہ ، انڈونیشیا کے یولیزا رسیزیگو اور سعودی عرب کے شیخ محمد علی خطاب کریں گے۔ دوسری نشست کی صدارت ڈاکٹر طاہر منصوری کریں گے جبکہ سعودی عرب سے ڈاکٹر عبدالرحمن الزاہی ، اسلامی یونیورسٹی کے ڈاکٹر عتیق الظفر ، برطانیہ سے ڈاکٹر عدنان عزیز خطاب کریں گے۔ دوسرے روز کی پہلی نشست کی صدارت نائب صدر جامعہ ڈاکٹر بشیر خان کریں گے ، جبکہ اختتامی نشست میں ریکٹر معصوم یٰسین زئی مہمان خصوصی ہوں گے۔

مزید :

کامرس -