سید علی گیلانی کی شمالی کشمیر میں 7مئی کو احتجاج ومکمل ہٹرتال کی کال
سرینگر(کے پی آئی)کل جماعتی حریت کانفرنس (گ) چیئرمین سید علی گیلانی نے شمالی کشمیر میں نام نہاد انتخابات کا ڈھونگ رچانے کے خلاف 7مئی کو شمالی کشمیر میں مکمل ہڑتال کرنے جبکہ 6مئی کو نماز مغرب کے بعد پرامن احتجاج اور مظاہرے کرنے کی اپیل دہراتے ہوئے شمالی کشمیر کے عوام سے اپیل کی کہ تیسرے مرحلے کے اس فوجی آپریشن کے موقع پر جنوبی اور وسطی کشمیر کی تقلید کرتے ہوئے مکمل ہڑتال اور مکمل بائیکاٹ کریں۔ انہوں نے کہا کہ مظلوم اور بے بس عوام کو یہ زیب نہیں دیتا ہے کہ وہ ظالموں، جابروں، قاتلوں اور عیاروں کو ووٹ دیں، جن کے ہاتھ محمد مقبول بٹ، محمد افضل گورو اور لاکھوں کشمیریوں کے خون سے رنگے ہوں۔ ان کو ووٹ دینا بھارت کے جبری قبضے کو دوام بخشنے کے مترادف عمل ہے۔ گیلانی نے کہا حکومت کی یہ کوشش رہتی ہے کہ یہاں کے عوام شہدا کی قربانیوں کو بھول کر بھارت کی غلامی پر قناعت کریں۔ انہوں نے کہا کہ شمالی کشمیر کے آزادی پسند عوام اور غیرت مند عوام کے لئے 7مئی کے انتخابات ایک امتحان ہے کہ آیا وہ محمد مقبول بٹ، محمد افضل گورو اور دوسرے لاکھوں کشمیریوں کے ساتھ ہیں یا ان کے قاتلوں کے ساتھ ہیں جنہوں نے محمد مقبول بٹ اور محمد افضل گورو کو تختہ دار پر چڑھایا اور ان کی لاشیں بھی ابھی تک واپس نہیں کیں۔ گیلانی نے کہا کہ شمالی کشمیر کے عوام کو سبز باغ دکھانے والے حکمرانوں کے فریب میں نہیں آنا چاہیے۔ الیکشن میں حصہ لینے والا ہر شخص بھارت کے مفادات کے لیے کام کررہا ہے۔ اس دوران میں گیلانی کی ہدایات پر ایک اعلی سطحی وفد محمد شفیع لون کی قیادت میں گرٹہ بل گیا جہاں انہوں نے شہید بشیر احمد بٹ کو خراج عقیدت ادا کیا اور ان کے لواحقین کی ڈھارس بندھائی۔