محکمہ ایکسائز میں جونئیر افسروں کو گریڈ 19پر تعینات کرنیکا رجحان زور پکڑنے لگا

محکمہ ایکسائز میں جونئیر افسروں کو گریڈ 19پر تعینات کرنیکا رجحان زور پکڑنے ...

  

                                                  لاہور(شہباز اکمل جندران//انویسٹی گیشن سیل) ایکسائز اینڈٹیکسیشن ڈیپارٹمنٹ میں سینئیر افسر ہونا جرم بن گیا۔محکمے کا گریڈ20کا اکلوتا افسر گریڈ میںخود سے جونئیر افسر کے ماتحت ہاتھ باندھے کام کرنے پر مجبور ہوگیا۔ ایک طرف گریڈ 17کے جونئیر افسروں کو گریڈ19کے عہدے پر تعینات کرنے کا رجحان زور پکڑنے لگا ہے۔ تو دوسری طرف گریڈ 18اور 19کے افسروں کو او ایس ڈی بنا دیا گیا۔ جس کے باعث گریڈ 19کی 12میں سے 10سیٹیں خالی ہوگئیں۔معلوم ہواہے کہ میرٹ اور گڈ گورننس کے حوالے سے شہرت رکھنے والے صوبائی وزیر ایکسائز اینڈٹیکسیشن پنجاب میاں مجتبیٰ شجاع الرحمن کے قلمدان کا حصہ ، ایکسائز اینڈٹیکسیشن ڈیپارٹمنٹ ان دنوں شدید نوعیت کی پسند ناپسند کی زد میں ہے۔ جہاں میرٹ ، حکومتی احکامات یا ریٹائرمنٹ اور ٹرانسفر پوسٹنگ پالیسی کے برعکس محکمے کے سینئیر افسروں کو ان کے عہدوں سے ہٹا کر او ایس ڈی بنانے اور گریڈ 17کے جونئیر افسروں کو گریڈ 19کے عہدوں پر بطور او پی ایس تعینات کرنے کا رجحان زور پکڑنے لگا ہے۔ ذرائع کے مطابق محکمے کے ڈائریکٹرجنرل نسیم صادق گریڈ 19کے افسر ہیں۔ لیکن گریڈ 20میں ریگولر ترقی پانے والے محکمے کے ڈائریکٹر لاہور ریجن اے اکرم اشرف گوندل ، نسیم صادق کے ماتحت کام کرنے پر مجبور ہیں۔یہ بھی معلوم ہواہے کہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن ڈیپارٹمنٹ میں ڈائریکٹر کا عہدہ گریڈ 19کے افسرکی تعیناتی کا متقاضی ہوتا ہے۔ محکمے میں گریڈ19کی 12پوسٹوں میں سے 10سیٹیں خالی ہیں۔اور گریڈ 19کے افسروں میں منورکھرل اور راجہ زاہد کے نام شامل ہیں۔ راجہ زاہد ایڈیشنل ڈائریکٹرجنرل کے عہدے پر تعینات ہیں۔ لیکن انہیں کسی قسم کا اخیتار نہیں دیا گیا۔ اسی طرح منور کھرل کوڈائریکٹر سرگودھا کے عہدے سے ہٹا کر او ایس ڈی کردیا گیا ہے۔ اور ان کی گریڈ19کی سیٹ پر گریڈ 17کے عبداللہ خان کو تعینات کیا گیا ہے۔ اسی طرح بہاولپور میں بطور ڈائریکٹر تعینات گریڈ 19کے افسرسرفراز وفا کو ریٹائرمنٹ پالیسی کے برعکس ریٹائرمنٹ سے محض ایک ماہ قبل او ایس ڈی کردیا گیا اور ان کی جگہ پراپرٹی ٹیکس زون پانچ لاہور میں تعینات گریڈ 17کے افسر تنویر عباس گوندل کو ڈائریکٹر کا چارج دیدیا گیا۔فیصل آباد میں گریڈ 19کے ڈائریکٹر کے عہدے پر تعینات گریڈ18کے سینئیر افسرعاشق شاہ کو او ایس ڈی کرتے ہوئے ان کی جگہ گریڈ 17کے رانا انتخاب عالم کو تعینات کیا گیا ہے۔اسی طرح ڈیرہ غازی خان میں گریڈ 19کے ڈائریکٹر کے عہدے پر گریڈ 17کے افتخار بھلی کو تعینات کیا گیا ہے۔یہ بھی معلوم ہواہے کہ ایکسائز اینڈٹیکسیشن ڈیپارٹمنٹ میں گریڈ 18کے 8افسروں کو چھ برس گزرنے بعد بھی ترقی نہیں دی گئی۔ ناانصافی کا شکار ان افسروں میں مسعود الحق ،خالد صدیق، عاشق حسین شاہ، راﺅ شکیل الرحمن ، رضوان اکرم شیروانی، سہیل ارشد، احمد سعید اور اقبال ناصر کے نام شامل ہیں۔ذرائع کے مطابق اس امتیازی سلوک سے محکمے کے اعلیٰ افسروں میں بددلی پھیلنے لگی ہے۔اس سلسلے میں گفتگو کرتے ہوئے ایکسائز اینڈٹیکسیشن پنجاب کے صوبائی سیکرٹری میاں مجتبیٰ شجاع الرحمن کا کہنا تھا کہ محکمے میں میرٹ اور پالیسی کے برعکس کسی قسم کا کوئی کام برداشت نہیں کیا جائیگا۔اگر کہیں سینئیر افسروں کو بلاوجہ نظر انداز کرتے ہوئے جونئیر اور کرپشن میں ملوث افسروں کو اعلیٰ عہدوں پر تعینات کیا گیاتو وہ کارروائی کرینگے۔

 

مزید :

علاقائی -