انتخابی دھاندلی کیخلاف عوامی تحریک اوپی ٹی آئی کا ساتھ دینگے،حامد رضا

انتخابی دھاندلی کیخلاف عوامی تحریک اوپی ٹی آئی کا ساتھ دینگے،حامد رضا

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور(سٹاف رپورٹر) سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا نے کہا ہے کہ طالبان مذاکراتی کمیٹی سیاسی دکانداری چمکانے میں مصروف ہے۔ حکومت اور اپوزیشن کھل کر پاک فوج کے ساتھ کھڑی ہو۔ حامد میر پر حملے کا الزام آئی ایس آئی پر لگانے کا فائدہ بھارت کو ہوا۔ 11مئی کو انتخابی دھاندلیوں کے خلاف دمادم مست قلندر ہو گا۔ وزیراعظم اور وزراءفوج کے ساتھ عوامی محبت کے اظہار پر اداس کیوں ہیں۔ وفاقی وزیراطلاعات، وزیردفاع اور وزیرقانون پنجاب فوج کی مخالفت میں پیش پیش ہیں۔ نواز شریف فوج مخالف وزراءکو فارغ کریں۔ مسلم لیگ ن نے فوج کے حق میں آواز نہ اٹھا کر فوج سے اپنا بغض ثابت کر دیا ہے۔ پاک فوج کے حق میں مظاہرے دفاعی اداروں سے عوام کی محبت کا مظہر ہیں۔ دہشت گرد ہتھیار پھینک کر ریاست کی رٹ کو تسلیم کریں اور خود کو آئین پاکستان کے سامنے سرنگوں کر دیں۔ سنی اتحاد کونسل انتخابی دھاندلیوں کے خلاف پاکستان عوامی تحریک اور تحریک انصاف کی تحریک کا ساتھ دے گی۔ حکومت نے عوامی تحریک اور تحریک انصاف کے پرامن احتجاج کو روکنے کی کوشش کی تو غیرمتوقع صورتحال پیدا ہو سکتی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سنی اتحاد کونسل کے مرکزی دفتر میں جنرل کونسل کے ہنگامی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں طارق محبوب صدیقی، علامہ محمد شریف رضوی، سیّد محمد اقبال شاہ، سیّد جوادالحسن کاظمی، مفتی محمد سعید رضوی، صاحبزادہ عمار سعید سلیمانی، مفتی محمد حسیب قادری، پیر طارق ولی چشتی، ملک بخش الٰہی، ارشد مصطفائی، میاں فہیم اختر، الحاج سرفراز احمد تارڑ، مولانا وزیرالقادری، شیخ محمد ذوالفقار رضوی، صاحبزادہ مطلوب رضا اور دیگر نے شرکت کی۔
 حامد رضا

 

مزید :

علاقائی -