علم سے دوری ہمارے تمام مسائل کی بنیادی وجہ ہے،گورنر پنجاب

علم سے دوری ہمارے تمام مسائل کی بنیادی وجہ ہے،گورنر پنجاب

  


لاہور( سپیشل رپورٹر) گورنر پنجاب چو دھر ی محمد سرور نے کہا ہے کہ علم سے دوری ہمارے تمام مسائل کی وجہ ہے ، ملک کو انتہا پسندی ، دہشت گردی جیسے گردابوں سے نکالنے کے لیے نوجوانوں کوقلم اور کتاب سے روشناس کرانا ہو گا ‘ مسلمانوں نے جب تک علم کو اپنا زیور بنائے رکھا دنیا پر حکمرانی کی آج کتاب سے محبت کے اُسی کلچر کو پروان چڑھانے کے لیے اساتذہ ، والدین اور دانشوروں کو آگے بڑھ کر اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ان خیالات کا اظہار انہو ں نے گورنر ہاؤس لاہور میں کتاب کے عالمی دن کے حوالے سے سیمنار سے خطاب کے دوران کیا۔انہوں نے کہا کہ پاکستانی با صلاحیت اور پُرعز م قوم ہیں اور ان کے ٹیلنٹ کو صحیح سمت دینے کے لیے کتاب کی طرف لانا ہو گا تعلیم کا فروغ ہی وہ واحد راستہ ہے جس سے ہم پوری دنیا میں اپنا منوا سکتے ہیں بدقسمتی سے پاکستان میں تعلیم کے حوالے سے کبھی بھی کوئی واضح پالیسی نہیں رہی جس کے نتیجے میں آج ستر لاکھ سے زائد بچے سکول کا رُخ نہیں کرتے جن میں چالیس لاکھ بچیاں بھی شامل ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ سکول میں تعلیم حاصل کرنے والے دو تہائی بچے مڈل تک پہنچنے سے پہلے ہی سکول چھوڑ جاتے ہیں ، ہمیں ا ن بچوں کو سکول واپس لانے کے لیے ان کے ہاتھوں میں قلم اور کتاب تھمانا ہو گی۔گورنر پنجاب نے کہا کہ مسلم لیگ نون کی حکومت نے ’’تعلیم سب کے لیے ‘‘ کے خواب کو شرمندہ تعبیر کرنے کا عز م کیا ہے اور اس مقصد کے لیے تعلیم کے بجٹ کو دوگنا کیا جا رہا ہے۔انہو ں نے کہا کہ سرکاری سکولوں میں بنیادی سہولتوں کی فراہمی کے لیے خطیر فنڈز مختص کیے جا رہے ہیں یہی وہ واحد راستہ ہے جو ہمیں اقوام عالم میں باوقار قوموں کی صف میں کھڑی کر سکتا ہے ۔دریں اثناء، گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور سے گورنر ہاؤس لاہور میں وزیراعلیٰ پنجاب کے مشیر برائے توانائی شاہد ریاض گوندل نے مسلم لیگ(ن) سے تعلق رکھنے والے مختلف ممالک سے اووسیز پاکستانیوں کے وفد کے ہمراہ ملاقات کی۔ملاقات میں ملک میں توانائی کے بحران پر قابو پانے کے لئے مختلف منصوبوں پر کام کی رفتار کا جائزہ لیا گیا۔

مزید :

صفحہ آخر -