لاہو ر میں قائم ہونیوالا نالج پارک 852ایکڑ رقبے پر محیط ہو گا ،شہباز شریف

لاہو ر میں قائم ہونیوالا نالج پارک 852ایکڑ رقبے پر محیط ہو گا ،شہباز شریف

  

لاہور(پ ر)وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ عوام کی خدمت ہمارا مشن ہے اور ہم یکسوہو کراس کام کو آگے بڑھا رہے ہیں۔توانائی،تعلیم ،صحت،انفراسٹرکچرسمیت دیگر شعبوں کی ترقی کے منصوبے شفاف انداز میں مکمل کیے جارہے ہیں۔لاہور میں نالج پارک کا منصوبہ خطے میں شعبہ تعلیم میں اہم سنگ میل ثابت ہوگا۔وزیراعظم محمدنوازشریف کی زیر قیادت مسلم لیگ (ن) کی حکومت کی پالیسیوں کی بدولت ملکی اورغیر ملکی سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہوا ہے۔دورہ برطانیہ میں برطانوی حکام اورپاکستانی سرمایہ کاروں کے ساتھ ملاقاتیں نہایت مفید رہیں جس سے پاکستان میں ترقی کی نئی راہیں کھلیں گی۔وزیراعلیٰ لندن سے وطن واپس روانہ ہونے سے قبل پاکستان مسلم لیگ (ن) برطانیہ کے عہدیداروں اور کارکنوں کے وفد سے بات چیت کررہے تھے ۔وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ سمندر پار پاکستانیوں نے ہر دور میں ملک کی ترقی کے لئے شاندار کردار ادا کیا ہے۔بین الاقوامی فورموں پر پاکستان کو جی ایس پی پلس کا درجہ دلانے سمیت مختلف امور پر پاکستانی تارکین وطن نے ہمیشہ اپنے ملک کے لئے آواز اٹھائی۔پاکستانیوں کے اسی کردار کے اعتراف میں پنجاب حکومت نے اوور سیز پاکستانیز کمیشن قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے جو سمندر پارپاکستان کے عظیم سفیروں کے مفادات کی بھر پور نگرانی کرے گااوران کے مسائل کے حل میں مدد گار ثابت ہوگا۔بیرون ملک پاکستانیوں کو اپنے ملک میں ہر ممکن سہولیات فراہم کریں گے ۔انہوں نے کہا کہ ہمسایہ دوست ملک چین نے پاکستان کے لئے 32ارب ڈالر کے سرمایہ کاری پیکیج کا اعلان کر کے پاکستان کے عوام کے بہترین اورسچے دوست ہونے کا ثبوت دیا ہے۔انشاء اللہ ہم اس پیکیج سے بھرپور فائدہ اٹھانے کے لئے محنت اورعزم کے ساتھ کام کریں گے۔انہوں نے کہا کہ توانائی کے بحران سے جلد از جلد نمٹنا ہماری اولین ترجیح ہے اوراس مقصد کے حصول کے لئے دن رات کوششیں جاری ہیں۔پورٹ قاسم،گڈانی اور ساہیوال میں کوئلے سے بجلی کی پیداوارکے پلانٹ لگانے کی حکمت عملی تیار ہوچکی ہے اوروزیراعظم محمد نوازشریف جلدان منصوبوں کا سنگ بنیاد رکھیں گے۔شعبہ تعلیم کے عظیم الشان منصوبے نالج پارک کا ذکر کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ لاہور میں قائم ہونے والا نالج پارک 852ایکڑ رقبے پر محیط ہوگا۔نالج پارک میں دنیا کی بہترین یونیورسٹیاں اپنے کیمپس قائم کریں گی۔اس طرح ہمارے طلباء کو اپنے ملک میں ہی اعلی اورمعیاری تعلیم حاصل کرنے میں زبر دست آسانی حاصل ہوگی۔برطانوی یونیورسٹیاں بھی نالج پارک میں اپنے کیمپس قائم کریں گی اوردورہ برطانیہ میں اس حوالے سے مثبت پیش رفت ہوئی ہے۔

مزید :

صفحہ اول -