میڈیا دانشمند اور جمہوری معاشرہ کا عکاس ہے، پرویز رشید
اسلام آباد (اے پی پی) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر پرویز رشید نے کہا ہے کہ میڈیا دانشمند اور جمہوری معاشرہ کا عکاس ہے، ملکی ترقی و خوشحالی کو یقینی بنانے کےلئے معیشت کی بحالی، توانائی کے بحران کے حل اور دہشت گردی کے خاتمہ کے قومی ایجنڈا پر توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ پیر کو یہاں سی پی این ای، اے پی این ایس اور پی بی اے کے نمائندوں کے ساتھ مشاورتی ملاقات کے دوران انہوں نے کہا کہ یہ بات حوصلہ افزاءہے کہ سب کےلئے قانون اور آئین ایک مشترکہ حوالہ کا ذریعہ بن چکا ہے اور ہر شخص ملک کے قانون کے دائرہ میں مسائل کے حل کا خواہاں ہے۔ ملاقات کے دوران میڈیا کی صنعت کو درپیش مختلف ایشوز اور ان کے خوش اسلوب حل کا جائزہ لیا گیا۔ ملاقات کے دوران اے پی این ایس کے صدر حمید ہارون، سی پی این ای کے صدر مجیب الرحمن شامی، پی بی اے کے چیئرمین شکیل مسعود، دنیا ٹی وی کے چیف ایگزیکٹو میاں عامر محمود، سیکرٹری جنرل اے پی این ایس سرمد علی، گروپ ایڈیٹر ایکسپریس نیوز طاہر خان، ایاز خان، ایم ڈی ایکسپریس نیوز یوسف بیگ مرزا اور سیکرٹری جنرل پی بی اے قاضی اسلم بھی موجود تھے۔ وفاقی سیکرٹری اطلاعات و نشریات ڈاکٹر نذیر سعید اور وزارت اطلاعات کے دیگر اعلیٰ حکام نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔